
بلوچستان کے صوبائی وزراء اور ترجمان صوبائی حکومت نے بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے اسے ملک دشمن عناصر کی منظم سازش قرار دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات سے سختی سے نمٹا جائے گا اور پاکستان کے خلاف ہونے والی تمام تر سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا، جمعہ کو چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ترقیات و منصوبہ بندی میر ظہور بلیدی نے کہا کہ جعفر ایکسپریس حملے میں بے گناہ مسافروں کو یرغمال بنایا گیا اور انہیں ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا گیا انہوں نے کہا کہ گوادر میں مسافر بس سے معصوم شہریوں کو اتار کر شہید کرنے کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے