اٹلی کی رہائشی عمارت میں آگ بھڑکنے سے پوری عمارت تباہ ہوگئی۔ٹاورکے20ویں فلور پر لگی آگ نے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا، آگ کی زد میں آکر عمارت کے گرد موجود 20 گاڑیاں بھی تباہ ہوگئی ہیں۔
کابل: حامد کرزئی ائیرپورٹ پر 5 راکٹ فائر کئے گئے جس کو امریکی دفاعی نظام نے ناکارہ بنادیا۔ پیر کی صبح کابل کے حامد کرزئی ائیرپورٹ پر 5 راکٹ فائر کیے گئے جس کو امریکا کی جانب سے نصب کیے جانے والے دفاعی نظام نے ناکارہ بنادیا، راکٹ حملوں میں ابھی تک کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
افغانستان کی موجودہ صورتحال پر اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس آج ہو گا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق،ورچوئل اجلاس میں اتحادی ملکوں کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ،فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فرانس اور برطانیہ کی جانب سے کابل میں اقوام متحدہ کے تحت سیف زون بنانے کی قرار داد پیش کی جائے گی تاکہ وہ افراد جو افغانستان سے نکلنا چاہیں با آسانی باہر جا سکیں۔
افغانستان سے غیر ملکیوں اور سفری دستاویزات رکھنے والے افغان شہریوں کو 31 اگست کے بعد بھی انخلا کی اجازت مل گئی ہے۔طالبان کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ غیر ملکیوں اور سفری دستاویزات رکھنے والے افغانوں کو 31 اگست کے بعد بھی افغانستان سے انخلا کی اجازت ہو گی۔
صنعا: یمن کے صوبے لحج میں فوجی اڈے پر ہونے والے حملے میں درجنوں فوجی ہلاک ہو گئے۔یمنی فوج کے ترجمان محمد النقیب کے مطابق فوجی اڈے پر حملے کے نتیجے میں حکومت کے حمایتی تقریباً 30 سے 40 فوجی ہلاک ہوئے جبکہ زخمی افراد کی تعداد 60 ہے۔
کابل: افغانستان کے سابق وزیراعظم اور حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار کا کہنا ہے کہ اگر ہم مل کر حکومت بنائیں تو بھی امریکا اور اس کے اتحادی افغان حکومت کو قبول نہیں کریں گے۔کابل میں پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گلبدین حکمت یار کا کہنا تھا کہ 31 اگست کے بعد حکومت کے قیام کے لیے مشاورت ہو گی، کونسل بنائی گئی تھی وہ طالبان سے نئی حکومت کے قیام پر بات کرے گی، کونسل نے طالبان کو ایک عبوری حکومت کے قیام کا مشورہ دیا تھا، اسی مشورے کے تحت اب اداروں کے عبوری سربراہ بنائے جا رہے ہیں۔
اسلام آباد: اقوام متحدہ فوڈ پروگرام کے تحت افغانستان میں فوڈ سپلائی کے لئے پاکستان کی معاونت چاہتا ہے، اور پاکستان نے اس کی اجازت دے دی ہے۔ افغانستان کی بدلتی صورتحال کے بعد اقوام متحدہ نے پاکستان سے مدد طلب کرلی ہے، اور پاکستان نے ایک بار پھر اقوام متحدہ کی بھر پور معاونت کی یقین دہانی کرادی ہے، جس کے بعد اب پاکستان اقوام متحدہ فوڈ پروگرام کے تحت افغانستان میں فوڈ سپلائی کے لئے مدد کرے گا، اور عالمی ادارہ خوراک افغانستان میں آپریشن کے لئے پاکستان کے ایئرپورٹس کا استعمال کرے گا، اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اقوام متحدہ کو آپریشن کرنے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔
اسرائیلی فوج نے غزہ میں حماس کے دو ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا ہے، اسرائیلی فوج کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کی بمباری غزہ سے آنے والے آتش گیر غباروں کے جواب میں کی گئی ہے۔