چکوال: وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ اڑھائی سال میں بہت سی مشکلات پر قابو پالیا ہے، وہ دن دورنہیں جب پاکستان تمام چیلنجز سے نمٹ کرخوشحال ملک بن جائے گا۔ انہوں نے یہ بات منگل کو چکوال کے گاؤں بھرپور میں معروف نعت خواں عبدالرزاق جامی کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان آگے بڑھے، ترقی کرے، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ 2018ء تک جب ہماری حکومت کی مدت ختم ہوگی تو ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو چکا ہو گا۔
واشنگٹن: امریکی وزیرخارجہ سینیٹرجان کیری نے افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کوسراہتے ہوئے کہاہے کہ پاکستانیوں نے ثابت کردیاہے کہ دہشتگردانہیں ترقی سے نہیں روک سکتے ،پاک امریکہ اسٹریٹجک پارٹنرشپ آگے بڑھ رہی ہے ،امریکہ ضرب عضب آپریشن کی کامیابیوں کااعتراف کرتاہے ،پاک امریکہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ پر مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیزکے ہمراہ بریفنگ دیتے ہوئے جان کیری نے کہاکہ امریکہ ضرب عضب آپریشن میں پاکستان کی کامیابیوں کااعتراف کرتاہے ،ہم نیشنل ایکشن پلان پرپاکستان کی سنجیدگی کے معترف ہیں ،دہشتگردگروپ پاکستان کی خودمختاری کے درپے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں اورپاکستانیوں نے یہ بات ثابت کردی ہے کہ دہشتگردانہیں ترقی سے نہیں روک سکتے ۔
راولپنڈی ، پشاور: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں، پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر حد تک جائے گی ، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے ، ملک کے کونے کونے سے دہشت گردوں کا صفایا کیا جائے گا ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق شوال میں شہید ہونے والے کیپٹن عمیر عباسی اور3 جوانو ں کی نماز جنازہ اتوار کو پشاور میں ادا کر دی گئی ہے جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف ،کورکمانڈر پشاور ہدایت الرحمن ، سول و عسکر ی قیادت سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی ، نماز جنازہ میں شرکت کے علاوہ آرمی چیف نے کیپٹن عمیر عباسی کے جسد خاکی کو کندھا بھی دیا ہے
واشنگٹن: امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر جان مکین نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایف سولہ طیارے دینے پر سینیٹرز تشویش میں مبتلاء ہیں ،امور خارجہ کمیٹی اس معاملے پر اپنی خصوصی سماعت کرے، طیاروں کی فراہمی پرعملدرآمد اگلی حکومت کے دور میں ہونا چاہیے ۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جان مکین کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ امریکی صدر کی انتظامیہ کی پاکستان کو ایف سولہ جنگی طیارے فروخت کرنے کے فیصلے اور اس کے امریکا اور بھارت کے تعلقات پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کے حوالے سے سینیٹرز نے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے اور پاکستان اور امریکا کے درمیان ہونے والی اِس ڈیل پر عمل اگلی حکومت کے دور میں ہونا چاہیے۔
واشنگٹن: امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے سعودی عرب کے پاس چار سے سات ایٹم بم کی موجودگی کا انکشاف کیا ہے ۔ امریکی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سربراہ ہال ٹرنر نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب کے پاس چار سے سات عدد ایٹم بم تیار حالت میں موجود ہیں ان ایٹم بم کو میزائل یا طیارے کے ذریعے سے پھینکا جاتا ہے سعودی عرب کے پاس ایٹم بم چلانے اور بروقت ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے
اسلام آباد: پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کے حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان مشاورت کا عمل جاری ہے ۔ جیسے ہی معاملات طے پا جائیں گے مذاکرات شروع ہو جائیں گے جبکہ افغانستان میں امن لانے کے لئے مختلف گروپوں سے رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ پاکستان میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کریں ۔اس عمل میں تمام گروپس کو شامل کیا جائے گا ۔ اس بات کا اظہار دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔ افغانستان کے حوالے سے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امن لانے کے لئے جو بات چیت کا دور پاکستان میں ہو گا اس حوالے سے کوئی کنڈیشن نہیں رکھی گئی ۔ سارے گروپوں کو دعوت دی جا رہی ہے تاکہ تمام حریفوں کو بات چیت کی میز پر اکٹھا کیا جائے تاکہ افغانستان میں امن و امان بحال ہو
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ایوان زریں کو تحریری طور پر آگاہ کیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت 16 فروری تک نفرت انگیز تقریر اور مواد کی مد میں 2471 مقدمات رجسٹرڈ کئے گئے ہیں جبکہ 2345 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے لاوڈ سپیکرز کے ناجائز استعمال کی مد میں 9945مقدمات درج کئے گئے اور 10177 افراد کو گرفتارکیا گیا ہے وزارت اداخلہ نے ایوان کو آگاہ کیا کہ اس وقت ملک میں رجسٹرڈ مدارس کی تعداد 699 ہے بدھ کو قومی اسمبلی اجلاس کے دوران وقفہ سوالات کے موقع پر وزارت داخلہ کی جانب سے تحریری آگاہ کیا گیا کہ نیشنل ایکشن پروگرام پر عملدرآمد کے لئے وفاقی و صوبائی حکومتیں اقدامات کر رہی ہیں اس اقدام کے تحت 16 فروری تک نفرت انگیز تقریر اور مواد کی مد میں 2471 مقدمات رجسٹرڈ کئے گئے ہیں
دبئی: پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ وسابق صدر آصف علی زرداری نے کہاہے کہ تاریخ کے نازک ترین موڑ پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کا بیان قبل ازوقت ہے، امید ہے ان کی قیادت میں جاری آپریشنز میں دہشتگرد وں کامکمل خاتمہ کیاجائیگا ، قوم اور سیاسی قوت مسلح افواج کے شانہ بشانہ یک جان ہوکر دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے، فوج کی قربانیاں اور فتوحات کو سیاسی اختلافات اور موقع پرستی کی نظر نہیں کرنا چاہیے، پیپلز پارٹی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں آصف علی زراداری نے کہا کہ پاکستان کئی سال سے مختلف مسائل سے دوچار ہے اور اندرونی بیرونی عناصر دشمن سے مل کر ملکی سلامتی اور امن وامان کو خطرات سے دوچار کر رہے ہیں۔
واشنگٹن: امریکا اور روس کے درمیان شام میں جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے تاہم جنگ بندی کا اطلاق شدت پسند تنظیم داعش اور النصرہ پر لاگو نہیں ہوگا۔غیر ملکی خبرساں ادارے کا کہنا ہے کہ شام میں جنگ بندی کے لیے امریکا اور روس کے درمیان اتفاق ہوگیا ہے جس کا اطلاق 27 فروری سے ہوگا تاہم جنگ بندی کا اطلاق شدت پسند تنظیم داعش اور النصرہ پر لاگو نہیں ہوگا،معاہدے کے تحت شام میں لڑائی میں مصروف تمام گروپس 26 فروری کی دوپہر سے جنگ بندی کے پابند ہوں گے جس کی نگرانی امریکی اور روسی حکومتیں کریں گی،یہ مسودہ اختتام ہفتہ کو امریکہ کے وزیرِ خارجہ جان کیری اور روس کے وزیرِ خارجہ سرگئی لاروف کے ملاقات کے بعد ہوا ہے۔12 فروری کو عالمی اور مشرقِ وسطی کی علاقائی طاقتوں کے درمیان لڑائی روکنے پر مذاکرات ہوئے تھے۔
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے تحت اتوارکو وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ کل جماعتی کانفرنس میں شامل سیاسی، مذہبی، قوم پرست اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے متفقہ طور پر وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مردم شماری کے عمل کی نگرانی صوبائی حکومتوں کے سپرد کی جائے اور مردم شماری کی ابتداء سے اختتام تک مشترکہ نگرانی کا نظام قائم کرنے کے ساتھ ساتھ قومی شماریاتی ادارے کی گورننگ کونسل میں تمام صسوبوں کو مساوی نمائندگی دی جائے۔ خانہ شماری کی مدت میں کم از کم 10 دن اور مردم شماری کی مدت میں کم از کم 1 ماہ مقرر کی جائے۔ فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مردم شماری میں نگرانی اور سیکورٹی کی نگرانی دی جائے اور وفاقی حکومت غیر ملکی تارکین وطن کو واپس ان کے ممالک میں بھیجنے اور ان کی رجسٹریشن کا مناسب انتظام کرے۔