|

وقتِ اشاعت :   December 12 – 2014

شارجہ: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل آج کھیلا جائے گا جب کہ قومی ٹیم کے لئے پہلے مقابلے کا فاتح اسکواڈ برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ایک روزہ میچوں کی سریز کا دوسرا میچ آج شارجہ میں پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوگا۔ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کیویزجوابی حملے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور ہمیں ان کا حملہ پسپا کرنے کے لیے بہترین کارکردگی پیش کرنا پڑے گی۔ مہمان کپتان کین ولیمسن شکست کے بعد سیریز میں واپس آنے کی روایت برقرار رکھنے کا عزم لئے میدان میں اتریں گے۔ واضح رہے کہ 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں حارث سہیل اور شاہد آفریدی نے فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔