|

وقتِ اشاعت :   April 26 – 2024

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت کے اثاثوں کو کسی بھی صورت ضائع نہیں ہونے دیں گے

وکلاء سمیت تمام شہری کوئٹہ کی بہتری میں حکومت کا ساتھ دیں، میٹر و پولیٹن سمیت دیگر اداروں میں لوگ ذاتی مفادات کے لئے کرپشن کو پروان چڑھاتے ہیں ، انسکمب روڈ کے ڈیزائن کی بہتر ی لائی جائے گی،

سرکلر روڈ پارکنگ پلازہ نامکمل رہنے پر متعلقہ ایکسین کو معطل کر کے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو سرکلر روڈ پارکنگ پلازہ کا دورہ کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند،کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ حمزہ شفقات، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے جہانزیب خان سمیت دیگر بھی موجودتھے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ 7منزلہ پارکنگ پلازہ کوئی لفٹ موجود نہیں ہے پلازہ کا کام بھی مکمل نہیں ہے

جس کے بعد ایکسیئن کو معطل کر کے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے سرکلر روڈ پارکنگ پلازہ کو فعال کر کے ایک ماہ میں 10لاکھ روپے حاصل کئے ہیں پلازہ کی چھت پر نجی شعبے کے اشتراک سے ہوٹل بنائیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ بلدیہ پلازہ کی بہتری، گوشت مارکیٹ میں پارکنگ پلازہ بنائیں گے جس کے بعد شہر کے وسطی بازار کو واکنگ اسٹریٹ بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کے اشتراک سے ٹریفک پولیس کو لفٹر فراہم کئے جائیں گے ۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں وسائل کی کمی ہے اور جو وسائل دستیاب ہیں ان کا درست استعمال نہیں ہوتا جس سے عوام کو فائدہ نہیں پہنچتا کوئٹہ کی سیوریج، پارکنگ، ڈرینج کا نظام بہتر کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن 6ہزار روپے سرکلر روڈ پارکنگ پلازہ سے حاصل کرتا تھا اب 10لاکھ ہوگیا ہے ادارے ریونیو ، عوام اور حکومت کے بجائے اپنے ذاتی مفادات کے لئے کرپشن کرتے ہیں ٹھیکدار کو ایڈوانس پیمنٹ کردی گئی جس کے بعد وہ بھاگ گیا ہے

اب ہم پلازہ کو بہتر کرنے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے شہریوں نے شہر کو صاف کرنا ہے ڈبل روڈ کی صفائی کے دوران نالیوں میں سے ٹائر نکلے ہیں عوام کو بھی ذمہ داری کامظاہرہ کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہرضلع کی سڑکوں کی مرمت کے لئے 50لاکھ روپے رکھے جاتے ہیں جو یار لوگ کھا جاتے ہیں ہمیں اپنے موجودہ وسائل کے تحت نیا طریقہ کار لانا ہوگا ساتھ ہی ہم مائنز اینڈ منرل، میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ذریعے ریونیو حاصل کر سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وکلاء سے اپیل ہے کہ وہ بھی ہمارا ساتھ دیں بلدیہ پلازہ میں 55روپے کرایہ ہے وکلاء بھی اپنے کرایوں پر نظر ثانی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ کیفے کا کرایہ 6ہزار روپے ہے ہم اسے خالی کروا کر جدید طرز کا کیفے بنائیں گے جہاں مختلف طبقات کے لوگ بیٹھیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انسکمب روڈ کے ڈیزائن میں خامیوں اور بہتری کے لئے کمشنر کوئٹہ کو ہدایات جاری کردی ہیں وہ اسکا جائزہ لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ صحافی پر حملے کی تحقیقات جاری ہیں متعلقہ ایس پی کو ہدایات جاری کرکے ملزمان کو جلدگرفتار کیا جائے گا ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *