|

وقتِ اشاعت :   January 6 – 2014

کراچی(آزادی نیوز) سابق پاکستانی کپتان اور معروف تجزیہ نگار رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم اور ٹیم منجمینٹ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں متوقع ہیں کیونکہ ایشز سیریز میں شکست کوئی معمولی بات نہیں ہوتی۔میڈ یا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ انگلش ٹیم کے ہیڈ کوچ اینڈی فلاور اور کپتان الیسٹر کک کا مستقبل مجھے غیر یقینی دکھائی دیتا ہے، جب آسٹریلوی ٹیم انگلینڈ میں ایشز سیریز کھیل رہی تھی تو سب نے دیکھا کہ اگرچہ انگلینڈ نے یہ سیریز جیت لی لیکن آخری میچز میں انگلینڈ کی کارکردگی کا گراف نیچے آیا اور آسٹریلوی ٹیم نے بہتر پرفارمنس دکھانا شروع کر دی تھی، انگلینڈ کی وہ خامیاں جو انگلینڈ میں سیریز کے دوران اجاگر ہوئی تھیں وہ کھل کر سامنے آ گئیں۔ رمیز راجا نے کہا کہ جوناتھن ٹروٹ کا ایشز سیریز چھوڑ کر جانا بھی انگلش ٹیم کے لیے برا ثابت ہوا اور پھر کیون پیٹرسن بھی ناکام ہوئے اور خود کپتان الیسٹر کک بھی اسکور نہیں کرپائے اور جب ٹیم کا کپتان ہی اسکور نہ کر سکے تو باقی ٹیم کا مورال کا بلند ہونا ممکن نہیں رہتا، رمیز نے آسٹریلوی ٹیم کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ خاصیت ہے کہ اگر یہ ہار بھی رہی ہو تو کسی وقت باوآ نس بیک کر سکتی ہے۔بقول رمیزشکست ایک طرح سے ٹیموں کے لیے اچھی بھی ثابت ہوتی ہے کیونکہ اس سے ٹیموں کی کمزوریوں کا پتا چلتا ہے جنھیں دورکیا جا سکتا ہے۔