|

وقتِ اشاعت :   January 21 – 2014

کراچی: مانسہرہ اور پنجگور میں نامعلوم افراد کی جانب سے انسداد پولیو ٹیم پر حملوں کے نتیجے میں 2 خواتین رضاکاروں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ کراچی کے علاقے قیوم آباد اے ایریا میں انسداد پولیو ٹیم قطرے پلانے میں مصروف تھی کہ پہلے سے گھات لگائے 2 نامعلوم ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک بچہ اور ایک شخص سمیت 2خواتین پولیو رضاکار شدید زخمی ہو گئیں، زخمیوں کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا تاہم  2خواتین پولیو ورکر اور ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت انیتا، اکبری اور فہد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ، دوسری جانب پولیو ورکرز نے واقعے کے بعد سندھ بھر میں پولیو مہم روکنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ مانسہرہ میں انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کے نتیجے میں رضا کار جاں بحق ہوگیا، جاں بحق شخص کی شناخت مقامی اسکول کے استاد کی حیثیت سے ہوئی ہے جبکہ بلوچستان کے علاقے پنجگور نامعلوم افراد پولیو ٹیم کے زیر استعمال گاڑی چھین کر فرار ہوگئے۔ واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز پولیو مہم شروع ہوئی تھی تاہم پشاور میں پولیو مہم سیکیورٹی خدشات کے باعث ملتوی کردی گئی تھی۔