|

وقتِ اشاعت :   September 1 – 2014

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل راحیل شریف آج وزیراعظم نواز شریف سے اہم ملاقات کر رہے ہیں۔ آج بروز پیر ہونے والی ملاقات میں آرمی چیف گزشتہ روز ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں ہونے والے فیصلوں سے وزیراعظم کو آگاہ کریں گے۔ کل ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں سیاسی بحران اور ملکی صورتحال کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے اور جمہوری نظام کے لیے فوج نے اپنی حمایت کے اعلان کے ساتھ ساتھ موجودہ سیاسی بحران کو تشدد کا راستہ اختیار کیے بغیر جلد از جلد حل کرنے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا تھا۔ متین حیدرنے مؤقر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ آج متوقع ملاقات میں آرمی چیف ان تمام فیصلوں کے حوالے سے وزیراعظم کو اعتماد میں لیں گے۔ ذرائع کے مطابق زمینی راستے بند ہونے کے باعث آرمی چیف فضائی راستے کے ذریعے وزیراعظم ہاؤس پہنچے۔ اس ملاقات میں یہ بھی طے کیا جائے گا کہ آیا پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک سے مزید بات چیت ہو سکتی ہے یا نہیں اور حکومت کے پاس اس بحران سے نمٹنے کے لیے اب کیا لائحہ عمل ہے۔