|

وقتِ اشاعت :   April 25 – 2017

کوئٹہ: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اپنی سرزمین پراپنے اور دنیا بھر کے لئے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑرہے ہیں۔ ہمیں اس امر پر فخر ہے کہ ہمارے غیور عوام اور سیکیورٹی فورسز نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے اور اب دنیا کو امن دینے کے لئے دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ اس سے خطے میں بہت جلد پائیدار امن ضرور قائم ہوگا۔ اس ضمن میں موجودہ حکومت اور پاک فوج ودیگر سیکیورٹی اداروں کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز بلوچستان کے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے پاک نیوی وار کالج لاہور کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جن کی قیادت ریئر ایڈمرل معظم الیاس ہلال امتیاز (ملٹری) کررہے تھے۔ گورنر نے ان کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، امن وامان کی صورتحال اور حکومت کی جانب سے عوام کو فراہم کی جانے والی تعلیم وصحت کی سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے شرکاء کو سی پیک کے حوالے سے بتایا کہ صوبے میں اسی حوالے سے کام کا آغاز ہوچکا ہے یہ منصوبہ خطے میں گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے اور بلوچستان اس منصوبے کے تحت اقتصادی ومعاشی حوالے سے دنیا بھر کا گیٹ وے ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان چونکہ کئی شعبوں میں ایک پسماندہ صوبہ ہے یہاں پر پہلے ہی بنیادی انفراسٹرکچر کی کمی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ سی پیک کے منصوبے کے پیش نظر یہاں پر بنیادی انفراسٹرکچر کی مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے صوبے میں امن وامان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چھوٹے موٹے واقعات امن وامان میں رخنہ نہیں ڈال سکتے اور وہ ناراض لوگ جنہوں نے ہتھیار ڈالے اور اپنے آپ کو قومی دھارے میں شامل کیا ہے یہ عمل خوش آئند ہے۔ انہوں نے صوبے کی جغرافیائی اہمیت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ صوبہ ایران اور افغانستان کے ساتھ طویل سرحدیں رکھتا ہے جبکہ اس کی طویل ساحلی پٹی بھی ہے جبکہ یہاں کی زرخیز زمین زرعی حوالے سے بھی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالامال ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان قدرتی وسائل کو اگر استعمال میں لایا جائے تو یہ دنیا بھر کا امیر ترین خطہ ہوگا۔ گورنر نے پاک نیوی کی جانب سے پاکستان کے ساحلی علاقوں میں 37ممالک کے اشتراک سے کی گئی امن مشقوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے دنیا کو یہ پیغام گیا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈاکٹر عمر بابر سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر اکبر حریفال اور سیکرٹری خزانہ اکبر درانی بھی موجود تھے۔ آخر میں یادگاری شیلڈز کا تبادلہ کیا گیا۔