|

وقتِ اشاعت :   May 28 – 2017

کوئٹہ: ڈیرہ بگٹی میں صوبائی وزیر داخلہ کے قافلے پر حملہ کی کوشش ناکام ،سڑک کنارہ نصب بارودی مواد کو ناکارہ بنادیاگیا، نوشکی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ،نال میں مسلح افراد کا باپ بیٹے پر فائرنگ ، فائرنگ کے نتیجے میں بیٹا جاں بحق ہو گیا، سیکورٹی فورسز کے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سوئی اور ڈیرہ بگٹی سے بھاری مقدارمیں اسلحہ برآمد کر لیا۔

پولیس اور لیویز نے خفیہ اطلاعات ملنے پر مشترکہ کاروائی کر کے صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے آمد کے مبینہ رستے میں سڑک کنارے نصب گولہ بارود برآمد کر لیا پولیس حکام کے مطابق پولیس اور لیویز نے جمعہ اور ہفتے کے درمیانی رات خفیہ اطلاعات ملنے پر ڈیرہ بگٹی اور سوئی کے درمیان نواحی علاقے مٹ میں کاروائی کر کے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

پولیس کے مطابق اسی رستے سے صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کی سوئی سے ڈیرہ بگٹی آمد متوقع تھی, اور شرپسندوں کا ہدف بھی بظاہر صوبائی وزیر داخلہ کا قافلہ تھا, منصوبے کو بروقت کارروائی کر کے ناکام بنا دیا گیا,پولیس حکام کے مطابق برآمد گولہ بارود میں تین راکٹ اور مارٹر کے دو گولے شامل ہیں,گولہ بارود برآمدگی کے بعد پولیس اور لیویز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی تاہم آخری اطلاعات آنے تک کوئی گرفتاری عمل میں نہ لائی جا سکی تھی۔

نوشکی کے علاقے امین الدین روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے واپڈا اہلکار نبی بخش کو قتل کردیا ملزمان فرارہونے میں کامیاب ہوگئے لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیاگیا، تحصیل نال کے علاقہ ہزار گنجی میں واقعہ کندھڑی کے مقام پر ٹکری لعل محمد اور ان کے بیٹے خلیل احمد پر نا معلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی جس سے دونوں شدید زخمی ہو گئے زخمیوں کو لیویز نے بی ایچ یو نال منتقل کر دیا۔

جہاں ابتدائی طبی امداد کے دوران خلیل احمد ساسولی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے جبکہ ان کے والد ٹکری لعل محمد ساسولی کو مزید اعلاج کے لئے گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال خضدار منتقل کر دیا گیا مقامی لیویز واقعہ کے متعلق تفتیش شروع کر دی ۔

بلوچستان کے ضلع کوہلو کے علاقے بجار واڈ میں گزشتہ روز لیویز اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے زمین کے نیچے چھپایا ہوا اسلحہ بر آمد کردیا ڈپٹی کمشنر کوہلو آغا نبیل آختر لیویز نے رسالدار شیر محمد کے ہمراہ لیویز لائن میں میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کے اسلحے میں 9راکٹ اور ایک فیوز شامل ہیں جو ضلع تخریب کاری کے لئے استعمال ہونا تھا تاہم لیویز اور حساس ادارے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔

ایف سی اور حساس اداروں نے ڈیرہ بگٹی اور سوئی میں کارروائیاں کرتے ہوئے آرجن نالا اور درینجن نالا میں کالعدم تنظیم کے ٹھکانوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمدکرلیا ، قبضے میں لی گئی اشیا میں آر پی جی لانچر بمعہ 5 آر پی جی سیون راؤنڈز , 4 عدد مارٹر گولے, 2 مائینز،4 گرینیڈز, 170 عدد پریشر بٹنز,3 ریموٹ کنٹرول بمعہ اینٹینا اور دیگر تخریبی مواد شامل ہیں۔

سیکورٹی فورسز کے ذرائع نے بتایا کہ ہفتہ کو تربت کے علاقے بلنگور میں فرنٹیر کور بلوچستان اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے شرپسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی تو ملزمان نے فائرنگ شروع کردی جوابی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم بی ایل ایف کے 2کارندے ہلاک ہوگئے۔

ایف سی نے ہلاک ہونے والے کے قبضے سے 2کلاشنکوف ،گرینڈ اور بارودی مواد قبضے میں لے لیا۔ہلاک ہونے والے شرپسند سیکورٹی فورسز اور سرکاری تنصیبات پر حموں اور بے گناہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔