|

وقتِ اشاعت :   July 20 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ کی احتساب عدالت نے آمدنی سے زائد جائیداد بنانے پرکوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے سابق ڈویژنل اکاؤنٹنٹ کو گیارہ سال قید اور جرمانے کی سزا جبکہ ساتھی ملزم کو تین سال قید کی سزا اور تمام جائیداد بحق سرکار ضبط کرنے کی سزا کا حکم سنادیا۔ 

استغاثہ کے مطابق نیب بلوچستان نے ملزم محمد حنیف کے خلاف سال2014 میں تحقیقات مکمل کر کے سال 2015 میں 12 کروڑ 53 لاکھ کے ناجائز اثاثہ جات کیس میں ناقابل تردید ثبوت اکٹھے کرکے ریفرنس عدالت میں جمع کروایا۔ 

تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ کیسکو میں جونیئر کلرک بھرتی ہونے والا مجرم محمد حنیف بحریہ ٹاؤن کراچی میں 2 پلاٹ، بحریہ ٹاؤن راولپنڈی میں ایک گھر اور ایک پلاٹ، طوغی ہاؤسنگ سکیم کوئٹہ میں ایک بنگلہ ، جناح ٹاؤن کوئٹہ میں ایک بنگلہ ، جبکہ پنجاب کے شہر لیہ میں قیمتی زمین کے علاوہ 4 قیمتی گاڑیوں کا مالک ہے۔ 

جرم ثابت ہونے پر احتساب عدالت کے جج عبدالمجید ناصر نے کیسکو کے سابق ڈویژنل اکاونٹنٹ محمد حنیف کو گیارہ سال قید 57 لاکھ 18 ہزار 722 روپے جرمانہ جبکہ اسکے جرم میں شریک ٹھیکیدار عاصم خان کو تین سال قید اور تمام جائیداد بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم سنادیا۔ نیب کے سینئر پراسیکوٹر راشد زیب گولڑہ نے نیب کی جانب سے کیس کی پیروی کی۔