|

وقتِ اشاعت :   September 19 – 2017

کوئٹہ: قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ بدعنوانی خاموش قاتل اور ملک پر کینسر کی طرح اثر اندز ہوتی ہے۔

نیب افسران بدعنوانی کے خاتمہ کو قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے قوم کی امنگوں پر پورا اترنے کیلئے اپنی کوششیں دوگنا کریں۔ نیب ملک سے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم وصول کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کیلئے پرعزم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب بلوچستان کے الوداعی دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان عرفان نعیم منگی نے کہا کہ آپ کے الوداعی دورے کے موقع پر نیب بلوچستان میں آپ کا خیرمقدم کرنا میرے لئے خوشی کا مقام ہے۔

چیئرمین نیب نے ہمیشہ بلاخوف و خطر اپنے فرائض کی ادائیگی میں نیب افسران کی رہنمائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ ہم نے 2014ء سے 2017ء کے دوران آپ کی ولولہ انگیز قیادت میں بد عنوانی کے خاتمہ کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے آگاہی، تدارک اور قانون پر عملدرآمد کی حکمت عملی پر عمل کرتے ہوئے بدعنوانی کے خاتمہ، بدعنوان عناصر کی گرفتاریوں اور ان سے اربوں روپے برآمد کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کئے ہیں۔

ایسا لگتا ہے کہ کل جب آپ نے موجودہ چیئرمین نیب کا یہ عہدہ سنبھالا ہے ان برسوں میں ادارے میں محنت، عزم اور شفافیت اور میرٹ کو فروغ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر آغاز کا انجام ہوتا ہے اور ہر انجام کا نیا آغاز ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کی ولولہ انگیز قیادت کے باعث نیب میں اصلاحات کا عمل شروع ہوا ہے اور نیب افسران بدعنوانی کی روک تھام کو اپنا قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسداد بدعنوانی کے اعلیٰ ادارہ کے طور پر پاکستان میں زیرو کرپشن سو فیصد ترقی کے ہدف کے حصول کیلئے ہمیں اپنی کوششوں کو دوگنا کرکے اس میں تیزی لانی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ آپ جیسی مضبوط قیادت ہی ادارے کو انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی کے مقررہ اہداف کے حصول کیلئے درست سمت کی جانب گامزن کر سکتی ہے جس پر من و عن عمل کیا گیا جس سے نیب بلوچستان کی کارکردگی کے شاندار نتائج سامنے آئے ہیں، ہم نے بدعنوان عناصر کو گرفتار کیا ہے اور لاکھوں روپے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں۔

انہوں نے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی شاندار خدمات کو سراہا اور ان کے دور میں کئے گئے اقدامات سے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں، ان کی بھی تعریف کی۔

اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ جب سے میں نے چیئرمین نیب کا عہدہ سنبھالا ہے میں نے نیب میں بدعنوانی کی روک تھام پر اصلاحات کا عمل شروع کرکے ادارہ جاتی احتساب جیسے نئے اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کینسر ہے جو کہ خاموش قاتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب ہر قسم کی بدعنوانی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدعنوانی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، اس سے ناانصافی، غربت کو فروغ ملتا ہے جبکہ مستحق افراد اپنے حق سے محروم ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں کئے گئے اقدامات کی بدولت پلڈاٹ، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل اور عالمی اقتصادی فورم جیسے اداروں نے بدعنوانی کی روک تھام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب پاکستان کو بدعنوانی سے پاک ملک بنانے کے لئے مکمل طور پر پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کی موجودہ انتظامیہ کے دور میں کئے گئے اقدامات کے شاندار نتائج سامنے آئے ہیں اور نیب اب ملک سے بد عنوانی کے خاتمہ کیلئے مؤثر ادارے کے طور پر اپنا کردار ادا کررہا ہے، نیب افسران کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہاکہ قوم کو نیب افسران پر فخر ہے جو پیشہ واریت، شفافیت اور قانون کے مطابق اپنا قومی فرض ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب کی موجودہ انتظامیہ کے دور میں لوٹے گئے 50 ارب روپے بدعنوان عناصر سے وصول کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے گئے ہیں۔

2014-15ء کے مقابلہ میں 2017ء میں نیب کو دوگنا شکایات موصول ہوئیں۔ نیب کو گذشتہ سالوں کے مقابلہ میں شکایات میں اضافہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیب کے تمام شعبے بھرپور محنت سے کام کر رہے ہیں اور بدعنوانی کے خاتمہ کو اپنا قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہے ہیں، نیب کو شکایات میں اضافہ نیب پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 288 ارب روپے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیب کے تمام افسران اور شعبے پیشہ وارانہ اور شفافیت کے ذریعے میرٹ پر کام کر رہے ہیں۔