|

وقتِ اشاعت :   September 19 – 2017

کوئٹہ : سیکریٹری تعلیم عبدالفتح بھنگر نے کہا ہے کہ اسکولوں کی سطح پر سائنس، ٹیکنالوجی و روبوٹکس کے لئے ایک جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے جبکہ اس کے فروغ کے لئے نصاب میں اس حوالے سے اقدامات بھی ضروری ہے اور اس وقت صوبے میں تعلیمی سہولیات کو ہرممکن انداز میں عملی جامع پہنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

یہ بات انہوں نے الف ایلان کے تنظیم کے زیراہتمام صوبے میں اسکولوں کی سطح پر روبوٹکس کی تعلیم اور اس میں مہارت وفروغ کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم فاروق کاکڑ، ڈائریکٹر بیورو نظر محمد، ملک کے9روبوٹکس وٹیکنالوجی کے نمائندوں، الف ایلان کے نمائندوں اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری تعلیم نے کہا کہ موجودہ دور سائنس وٹیکنالوجی کا دور ہے جبکہ روبوٹکس کی تعلیم کو عملی جامہ پہنانے کے لئے حکمت عملی کے تحت اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ملک کے مختلف سائنس وٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے ادارے سامنے آئے ہیں اور وہ اس حوالے سے محکمہ تعلیم کی معاونت کریں ہمارے وسائل اس حوالے سے ناکافی ہیں اور اس کے فروغ کے لئے اقدامات کو سراہا جائے گا۔

اجلاس کو ملک کے نومایہ ناز روبوٹکس ٹیکنالوجی کے اداروں نے اپنی کارکردگی روبوٹکس کے حوالے سے اقدامات اور دیگر نئے تجربات سے آگاہ کیا۔ اس حوالے سے تفصیلی غوروخوض کیا گیا اور اجلاس کو بتایا گیا کہ آج کا دور ٹیکنالوجی سے ہنرمند افرادی قوت کا دور ہے اور ا س حوالے سے اقدامات ناگزیز ہیں اور صرف سائنس وٹیکنالوجی وروبوٹکس کی تعلیم کے فروغ سے ہی ہم بین الاقوامی ترقیاتی اہداف کا حصول ممکن بناسکتے ہیں اور اسکول کی سطح پر اس قسم کے تعلیم سے ہم ایک پیشہ ورانہ روبوٹکس اور ٹیکنالوجی کی افرادی قوت بناسکتے ہیں۔

اجلاس میں تعلیم ماہرین نے صوبے کی سطح پر وسائل کی کمی، نصاب اور دیگر معاملات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اجلاس کے آخر میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان روبوٹکس الائنس اس حوالے سے محکمہ تعلیم کی رہنمائی کرے گا۔