|

وقتِ اشاعت :   December 30 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع خاران میں ایرانی ڈیزل اسمگل کرنے والے آئل ٹینکر ڈرائیور نے تعاقب کرنے پر ایف سی اہلکاروں کی گاڑی پر ٹینکر چڑھادیا۔ حادثے میں پانچ ایف سی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ آئل ٹینکر ڈرائیور اور کلینر موقع سے فرار ہوگئے۔

ایف سی حکام کے مطابق واقعہ ہفتہ کی علی الصبح خاران میں ایف سی 60ونگ کے ہیڈ کوارٹر سے تقریباً70کلو میٹر شمال مشرق میں پتکین کے مقام پر پیش آیا۔ ایف سی کے دس اہلکار دو گاڑیوں میں معمول کے گشت میں مصروف تھے اس دوران ایرانی ڈیزل اسمگل کرکے نوشکی کی طرف جانیوالے دو آئل ٹینکرز اور ایک ڈبل کیبن پک اپ گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیاگیا۔ 

اس دوران ایک آئل ٹینکر اور ڈبل پک اپ گاڑی رک گئی جبکہ دوسرے آئل ٹینکر کے ڈرائیور نے رکنے کی بجائے ٹینکر بھگایا ۔ایف سی کی دو میں سے ایک گاڑی میں سوار اہلکاروں نے صوبیدار سید بادشاہ کی سربراہی میں ٹینکر کا تعاقب کیا۔

قریب پہنچنے پر ایف سی اہلکاروں نے اپنی گاڑی ٹینکر کے آگے لاکر اسے روکنے کی کوشش کی تاہم ڈرائیور نے رکنے کی بجائے ٹینکر ایف سی کی گاڑی کے او پر ہی چڑھادیا۔ حادثے میں ایف سی کی گاڑی تباہ ہوگئی اور لوہے کے ڈھانچے میں بدل گئی۔ حادثے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار صوبیدار سمیت پانچ اہلکار موقع پر ہی جاں ہوگئے۔ 

واقعہ کے بعد ڈرائیور اور کلینر آئل ٹینکر رجسٹریشن نمبرTTD642چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگئے۔ ایف سی اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر لاشیں ہسپتال پہنچائیں ۔فرار ہونیوالے ڈرائیور اور کلینر کی تلاش شروع کردی گئی ۔

پکڑے گئے آئل ٹینکر رجسٹریشن نمبرTKY677اور ڈبل کیبن گاڑی رجسٹریشن نمبرPAC059میں سوار چار افراد کو ایف سی نے حراست میں لے لیا ہے ۔ بعد ازاں لاشیں ایف سی ہسپتال کوئٹہ منتقل کردی گئیں۔ کوئٹہ میں ایف سی ہیڈکوارٹر میں نماز جنازہ کے بعد میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔

نماز جنازہ میں ایف سی کے اعلیٰ آفیسران نے شرکت کی۔ جاں بحق ہونے والوں میں صوبیدار سید باچا کا تعلق جمرود خیبر ایجنسی، لانس نائیک نعیم اور لانس نائیک سید باچا کا تعلق میاں والی ، لانس نائیک محمد یوسف کا تعلق کوہاٹ کے علاقے لاچی اور ایف سی انٹیلی جنس کے نائیک محمد یوسف کا تعلق کوہاٹ سے بتایا جاتا ہے۔