|

وقتِ اشاعت :   January 21 – 2018

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان قدرتی معدنی وسائل سے مالامال صوبہ ہے ان وسائل کو صحیح معنوں میں بروئے کار لاکربلوچستان کو ملک کے دیگر ترقی یافتہ صوبوں کے برابر لایاجاسکتا ہے جس کے لئے دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ تعلیم کے شعبہ میں انقلابی تبدیلیاں ناگزیر ہیں،

ہم نے تہیہ کر رکھا ہے کہ محدود وسائل اور کم وقت میں جتنا ممکن ہوسکے صوبے کی بلاامتیاز خدمت کر کے لوگوں کے مسائل اور مشکلات میں کمی لاسکیں۔

تمام ضلعوں کی انتظامیہ عوامی نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل بلخصوص تعلیم، صحت اور دیگرسماجی شعبوں کی کارکردگی پر خصوصی توجہ دے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہنہ و اوڑک کے عمائدین پر مشتمل ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے عجب خان کاکڑ کی قیادت میں ہفتہ کے روز ان سے ملاقات کی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے وسائل پر عوام کا حق ہے صاف پانی ، علاج معالجہ اور بجلی کا حصول ان کا بنیادی حق ہے اور حکومت ان سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدام کریگی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن اور باشعور ہیں جو تعمیر و ترقی کے عمل میں اپنے صوبے کو بھی شامل کرنا چاہتے ہیں حکومت صوبے کی ہر شعبہ کی ترقی پر خصوصی توجہ دیکر اسے دیگر صوبوں کے برابر لائے گی۔

اس موقع پر انہوں نے وفد کی جانب سے پیش کئے گئے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی بھی کی۔