|

وقتِ اشاعت :   November 13 – 2017

چمن: عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پشتونوں کے مسائل کاواحدحل اتحاد واتفاق ہے ایک جمہوری سیاسی پارٹی کی حیثیت سے ہم نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت اورجمہوری اقدار کے لئے جدوجہدکی ہے ہمارے مسائل کا حل جمہوریت میں پوشیدہ ہے مگر جمہوریت کی آڑ میں بعض سیاسی جماعتوں نے جوگل کھلائے ہیں وہ پشتون عوام کے لئے کبھی بھی قابل قبو ل نہیں ہوسکتے ۔

شہیدحاجی جیلانی خان اچکزئی کی جدوجہد پوری پشتون قوم کے لئے مشعل راہ ہے ۔ ان خیالات کااظہار اے این پی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی ،صوبائی سینئر نائب صدر ارباب عمر فاروق کاسی ، جمال الدین رشتیا ،ضلعی صدر اسدخان اچکزئی ،عبدالباری کاکڑ،گل باران افغان ، اسماعیل داوی،محمد صادق صدا،ملک عبدالقیوم، شیر محمد و دیگر رہنماؤں نے اتوارکے روز چمن کے علاقے کلی بوستان کہول میں منعقدہ اولسی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

مقررین نے کہا کہ پشتونوں کواس وقت مختلف مسائل کا سامنا ہے جن کاحل نکالنا حکومت وقت کی اولین ذمہ داری ہے مگرافسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ حکومت میں شریک جماعتوں نے اس حوالے سے مکمل طور پر اظہار لاتعلقی اختیار کیا ہے کوئٹہ اور اسلام آباد کے ایئر کنڈیشنڈ کمروں میں مراعات اور آسائشوں کے مزے لینے والے بھول گئے ہیں کہ انہیں پشتون اولس نے ذمہ داریاں دے کر بھجوایا ہے ۔

انہیں ان ذمہ داریوں کا گزشتہ چار سالوں کے دوران ایک دن بھی خیال نہیں آیا آج جب حکومت کی مدت ختم ہورہی ہے تو انہیں آہستہ آہستہ عوام کی یاد آنے لگی ہے اب وہ پھر نیاایجنڈا لے کر عوام کے پاس آئیں گے مگر عوام باشعور ہونے کا عملی ثبوت دیتے ہوئے انہیں نہ صرف مسترد کردیں بلکہ ہر فورم پر ان کا اصل چہرہ بھی زیر بحث لائیں تاکہ آئندہ کسی کو پشتونوں کے جذبات سے کھیلنے کی جرات نہ ہوسکے ۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے پشتونوں کے مسائل اسمبلی فلور سے لے کر سڑکوں اور چوراہوں تک ہر جگہ اٹھائے ہیں اور اپنے عوام کے لئے نہ صرف جدوجہد کی بلکہ عملی طور پر قربانیاں بھی دیں جو کسی سے پوشیدہ نہیں عوامی نیشنل پارٹی کی قیادت ہمیشہ سے زیر عتاب رہی مگر اس کے باوجود ہم اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے اورآج بھی اپنی بات پر قائم ہیں ۔

ہم پشتونوں کو سیال قوم کی حیثیت سے تمام آئینی ، جمہوری ، انسانی اورمعاشرتی حقوق دلانے کے لئے کوشاں ہیں۔اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے شہیدحاجی جیلانی خان اچکزئی کوبھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تمام زندگی پشتونوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کرتے ہوئے گزاری اور آخری سانس تک ڈٹے رہے ۔ 

آج چمن شہر میں شہید حاجی جیلانی خان اچکزئی کی برسی کی مناسبت سے جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا ہے جس سے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان اور دیگرمرکزی وصوبائی قیادت خطاب کرے گی کارکن جلسہ عام میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں ۔