|

وقتِ اشاعت :   November 16 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ میں قائمقام ایس پی انویسٹی گیشن سٹی محمد الیاس اہلیہ ، بیٹے اور چھ سالہ پوتے سمیت قاتلانہ حملے میں شہید ہوگئے۔ چار سالہ پوتی زخمی بھی ہوئی۔ 

پولیس حکام کے مطابق قائمقام ایس پی انویسٹی گیشن سٹی محمد الیاس کو بدھ کی رات کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے اہلخانہ کے ہمراہ ذاتی گاڑی میں جارہے تھے۔ وہ نواں کلی میں اپنے رشتہ داروں سے ملنے کے بعد واپس پولیس لائن کوئٹہ جارہے تھے راستے میں نواں کلی کے پہلے اسٹاپ میں ایک موڑ پر گاڑی آہستہ ہوئی تو تھاک میں کھڑے نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے مختلف اطراف سے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ 

حملے میں ایس پی محمد الیاس ولد رحمت علی، اہلیہ رضیہ بی بی، بائیس سالہ بیٹا محمد عادل ایڈووکیٹ اور چھ سالہ پوتا عبدالوہاب ولد محمد یوسف موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ چار سالہ پوتی مروہ ولد محمد بھی پاؤں میں گولیاں لگنے سے زخمی ہوئیں۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔ 

اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔لاشوں اور زخمی بچی کو سول ہسپتال پہنچایا گیا۔چاروں افراد کو سر اور جسم کے مختلف حصوں میں گولیاں ماری گئی ہیں۔ جائے وقوعہ سے پولیس کو نائن ایم پستول کے چار سکے اور نو خالی خول ملے ہیں۔ یہی ہتھیار شہر میں اس سے قبل ہونیوالی ٹارگٹ کلنگ کی بیشتر وارداتوں میں استعمال ہوا ہے۔ 

دوسری جانب اطلاع ملنے پر مقتولین کے رشتہ دار اور پولیس آفیسران و اہلکاروں کی بڑی تعداد ہسپتال پہنچی اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھے گئے۔ پولیس آفیسر، اہلیہ، جوانسال بیٹے اور کمسن پوتے پوتیوں کو خون میں لت دیکھ کر ورثاء اور حاضرین ضبط نہ کرسکے اور دھاڑے مار کر روتے رہے۔ ورثاء نے دہشتگردوں کے خلاف نعرے بھی لگائے اور کہا کہ کمسن بچوں اور خواتین کا کیا قصور تھا جو انہیں نشانہ بنایا گیا۔