|

وقتِ اشاعت :   August 20 – 2014

نئی دہلی: ہندوستان میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ ہم مذاکرات کے ذریعے ہندوستان کے ساتھ معاملات کا حل چاہتے ہیں۔ بدھ کو نئی دہلی میں ایک پریس بریفنگ کے دوران پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا تھا پاکستان ہندوستان سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے اور خطے میں درپیش چیلنجز سے دونوں ممالک کو مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے نتیجہ خیز مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ محاذ آرائی کو ترک کردیا جائے، کیونکہ پاکستان پُرامن مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہے۔ دہشت گردی پر بات کرتے ہوئے عبدالبسط کا نے کہا کہ شدت پسندی کے خاتمے کے لیے فوج ایک تاریخی کردار ادا کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردوں کے خاتمے اور قیامِ امن کے لیے آپریشن ضربِ عضب جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک سو ارب ڈالرز کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ پاکستان خارجہ پالیسی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی کے تین بنیادی مقاصد ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں مفاہمتی عمل کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے نائن الیون کے بعد پاکستان نے کئی مشکلات کا سامنا کیا۔