|

وقتِ اشاعت :   April 29 – 2024

کوئٹہ: بلوچستان کے زمینداروں نے کیسکو کی جانب سے صرف تین گھنٹے بجلی کی فراہمی کے خلاف چھ مئی کو کوئٹہ کے ریڈ زون میں احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کردیا ۔

زمیندار ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری عبدالرحمن بازئی نے بتایا کہ دو ماہ ہوگئے ہیں کیسکو کی جانب سے زمینداروں کو بجلی کی فراہمی کا کوٹہ چھ گھنٹے سے کم کرکے تین گھنٹے کردیا 24گھنٹوں کے دوران صرف تین گھنٹے بجلی مہیا کی جارہی ہے ۔

زمیندار ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ دو ماہ کے دوران بارشوں کے باعث ہمیں ٹیوب ویلز سے پانی حاصل کرنے کی زیادہ ضرورت نہیں پڑی ،تاہم اب بارشوں کا اسپیل نکل گیا ہے اب زمیندارون کو فصلوں اور باغات کیلئے پانی کی ضرورت ہے۔

عبدالرحمان بازئی نے کہا کہ اب ہمیں چھ گھنٹے بجلی سے پانی نہیں ملا تو سارے باغات تباہ ہوجائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے زمینداروں نے کیسکو کی جانب سے صرف تین گھنٹے بجلی کی فراہمی کے خلاف چھ مئی کو کوئٹہ کے ریڈ زون میں احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے ۔
زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ملک نصیر احمد شاہوانی ،سرپرست اعلیٰ حاجی ولی محمدرئیسانی ،جنرل سیکرٹری حاجی عبدالرحمن بازئی، سید عبدالقہار آغا، حاجی عبدالجبار کاکڑ، حاجی شیر علی مشوانی، کاظم خان اچکزئی،حاجی عزیز سرپرہ، عبداللہ جان میرزئی، حاجی محمد افضل بنگلزئی ،حاجی محمد یعقوب شاہوانی، خالق داد ملکیار، ڈاکٹر مبارک علی بادینی، ٹکری پار الدین، سید صدیق اللہ،میر خورشید جمالدینی، میر حق نواز لانگو، میر محمد اعظم ماندائی، حاجی عبیدا للہ پانیزئی ،ملک منظور نوشیروانی ،ملک عبدالمجید مشوانی ،محمدیعقوب رئیسانی ،عید محمدکرد ایڈووکیٹ، ملک محمد حسین کاکڑ، حاجی محمدرفیق سیلاچی ،سردارمحمدابراہیم باروزئی ودیگر نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہاہے

کہ زمیندار ایکشن کمیٹی کی جانب سے پشتونخوانیشنل عوامی پارٹی ،نیشنل پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کا زمینداروں کے احتجاج کی حمایت پر شکرگزار ہیں تمام سیاسی تنظیموں ،وکلاء برادری سمیت دیگر سے اپیل ہے کہ وہ زمینداروں کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں،بلوچستان کے زمیندارزراعت میں اہم اسٹیک ہولڈر ہے بدقسمتی سے زراعت کاشعبہ راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہورہاہے ،انہوں نے کہاکہ زمیندار ایکشن کمیٹی نے 2013ء میں زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پرمنتقلی کیلئے 13ہزار درخواستیں محکمہ انرجی کے پاس جمع کرائی تھیں ہم زرعی ٹیوب ویلز کو سولرائزیشن پر منتقل کرنے کیلئے تیار ہیں تاہم ضروری ہے کہ سولرائزیشن تک بجلی کی بحالی یقینی بنائیں ،زمیندارایکشن کمیٹی وزیراعظم پاکستان ،آرمی چیف ،وزیراعلیٰ بلوچستان اور کورکمانڈر سے اپیل کرتی ہے کہ وہ بلوچستان میں بجلی کے مسئلے کا نوٹس لیں اور فوری طورپر کم سے کم 8گھنٹے بجلی فراہمی کرتے ہوئے بجلی بحال کرے ،اگر بجلی کی بحالی یقینی نہیں بنایاجاتا توبلوچستان کی زمینداری جس میں 12لاکھ ٹن سیب ،5لاکھ ٹن انگور، 4لاکھ ٹن پیاز ،5لاکھ ٹن پیاز ، 10لاکھ ٹن ٹماٹر،5لاکھ ٹن کھجور،فالیزات اور سبزی جات شامل ہیں اگر بجلی کامسئلہ حل نہ کیا گیا تو پھر یہ تمام اشیائے راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہوجائیںگی ،زمیندار ایکشن کمیٹی صوبہ پنجاب کے کسانوں کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ فوری طورپر کسانوں کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے سرکاری نرخ پر گندم کی خرید یقینی بنائیں ۔زمیندار ایکشن کمیٹی کا2مئی کو اجلاس ہوگا جس میں 6مئی کو کوئٹہ میں زمیندار ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام دھرنے کو حتمی شکل دیاجائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *