اطلاعات کے مطابق پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں ایک دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
ملتان کے نشتر ہسپتال کے ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ ہسپتال میں سات افراد کو مردہ حالت میں لایا گیا تھا جب کہ 13 افراد ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے۔ ذرائع کے مطابق 60 سے زائد زخمی بھی ہسپتال میں لائے گئے ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک ہے۔ ہسپتال کے ذرائع کے مطابق اکثر زخمیوں کو ’ڈی گلوِنگ‘ قسم کے زخم آئے ہیں جس میں جسم سے جلد پھٹ کر اتر جاتی ہے۔ سپرنٹینڈنٹ پولیس خالد روف کے مطابق بم والا بیگ یا تو گاڑی میں رکھا جا رہا تھا یا رکھا جا چکا تھا، اس لیے کہ جائے وقوعہ سے ایک لاش ملی ہے جو آدھی اڑی ہوئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ سڑک پر دو ضرب دو فٹ کا گڑھا پڑ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا: ’میرے خیال میں اس میں دس سے 15 کلوگرام باردوی مواد استعمال کیا گیا ہے۔ ہمارے ڈی سی او اور آر پی اور نشتر ہسپتال میں موجود ہیں۔‘