اسلام آباد: وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہاہے کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اس موقع پر انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان کی امن و ترقی کی پالیسیوں کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہو گئے ہیںیہ بات انہوں نے جمعرات کو وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ملاقات کے دوران کہی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے دوران بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے صوبے کی ترقی اور امن و امان کی بہتری کے لیے صوبائی حکومت کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت کی پالیسیوں کے دوررس نتائج برآمد ہونگے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ و ہ جلد بلوچستان کا دورہ کریں گے اور کسان پیکج کے بلوچستان میں عملدرآمد سے متعلق امور کا جائزہ لیں گے، وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دورہ امریکہ میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی بے مثال قربانیوں کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا،دورہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں بھی معاون ثابت ہو گا۔ وہ جمعرات کو یہاں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ جس میں وزیراعظم کے آئندہ دورہ امریکہ کے حوالے سے غور کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، چوہدری نثار، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور طارق فاطمی شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیراعظم کے دورہ امریکہ کا شیڈول اور ایجنڈا تیار کیا گیا ۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق وزراء نے وزیراعظم کو دورہ امریکہ کیلئے چھوٹا طیارہ استعمال کرنے کا مشورہ دیا جسے وزیراعظم نے قبول کرلیا۔ وزیراعظم دورہ امریکہ کیلئے بوئنگ 777استعمال نہیں کریں گے۔ وزیراعظم کے ساتھ 18رکنی وفد امریکہ جائے گا۔ وزیراعظم 21اکتوبر کو واشنگٹن پہنچیں گے اور 22اکتوبر کو امریکی صدر سے ملاقات کریں گے۔وزیراعظم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دورہ امریکہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے، دورہ میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی بے مثال قربانیوں کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا، دورہ امریکہ میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے نقصانات سے بھی آگاہ کیا جائے۔