|

وقتِ اشاعت :   February 19 – 2017

کوئٹہ:سیکریٹری صحت نورالحق بلوچ نے کہا ہے کہ محکمہ صحت کی تمام خالی اسامیوں پر بھرتی کے لئے جلد ازجلد سرکاری کاروائی مکمل کرکے اشتہارات تشہیر کے لئے دیئے جارہے ہیں تاکہ محکمہ صحت میں میرٹ اور شفافیت پر بھرتیوں کو عملی جامہ پہنایا جاسکے۔ یہ بات انہوں نے محکمہ صحت کے کے تمام ورٹیکل پروگرامز کے سربراہوں اور تمام ٹریژری کیئر ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان کے منعقدہ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری صحت عبدالرؤف بلوچ اور ڈائریکٹر جنرل صحت ڈاکٹر مسعود نوشیروانی، تمام ورٹیکل پروگرامز کے سربراہوں سمیت بولان میڈیکل ہسپتال، سول ہسپتال، شیخ زید ہسپتال، فاطمہ جناح جنرل ہسپتال ودیگر ایم ایس صاحبان نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ میرٹ پر بھرتیوں کے لئے ٹیسٹنگ سروسز کی خدمات کے لئے اشتہار دیئے گئے ہیں جس سے متعلق جلد از جلد قانونی کاروائی مکمل کی جائے گی جبکہ میرٹ پر بھرتیوں کے لئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس کی نگرانی سیکریٹری صحت وان کا عملہ خود کرے گا۔ بعدازاں انہوں نے ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی کام اور آنے والے مالی سال 2017-18ء کی خریداری کے لئے تمام اضلاع کے ایم ایس صاحبان کو تاکید کی کہ وہ نئی ایس این ای اور نئے ترقیاتی پروگرام میں اپنی اسکیموں کے حوالے سے تمام وسائل کو بروئے کار لاکر محکمہ صحت کے پلاننگ سیکشن میں جمع کروائیں تاکہ انہیں جلد ازجلد محکمہ منصوبہ بندی وترقیات ومحکمہ خزانہ میں ترقیاتی پروگرام میں شامل کروایا جائے۔ بعدازاں سیکرٹری صحت کی سربراہی میں میڈیکل اسٹورز ومیڈیکل ہول سیلرز ایسوسی ایشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں میڈیکل اسٹورز ایسوسی ایشن کی طرف سے نصیب اللہ آغا، حبیب آغا، اکبر آغا جبکہ ہول سیلرز ایسوسی ایشن کی طرف سے راحت ملک، انیس آغا ور ملک روح اللہ نے شرکت کی۔