|

وقتِ اشاعت :   February 22 – 2017

کوئٹہ:میٹرو پولٹین کارپوریشن کے اپوزیشن کونسلروں نے کہا کہ میئر اور ڈپٹی میئر کوئٹہ اپنی اکثریت ایوان میں کھو چکے ہیں اس لئے اخلاقی جرات کا مظاہرہ کر تے ہوئے ایک ماہ کے اندر اندر کونسل کا اجلاس بلا کر اعتماد کا ووٹ حاصل کریں چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ بجٹ منظور نہ ہو نے کے باوجود میئر کی جانب سے کروڑوں روپے کی غیر قانونی ادائیگیوں کا نوٹس لے اور وزیرعلیٰ بلوچستان کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹی اجلاس بلائے ہم تمام ریکارڈ پیش کرینگے اگر ہمارے مطالبات پر عملدرآمد نہیں ہوا تو ہم عدالت سے رجوع کرنے کے ساتھ ساتھ سیکرٹری بلدیات کے دفتر کے سامنے دھرنا دینگے ان خیالات کا اظہار میٹرو پولٹین کاپوریشن میں محمد رحیم کاکڑ، یحییٰ خان ناصر، غفار قمبرانی، چوہدری عاطف، خدا بخش لہڑی، محمد اسلم رند، جمال لانگو، رضا وکیل، بوستان کشتمند ، فاروق احمد لانگو، سلیم قریشی سمیت دیگر نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ 28 دسمبر کو میٹرو پولٹین کارپوریشن کا بجٹ اجلاس منعقد ہوا تھا لیکن اس میں حکومت اپنی اکثریت کھو نے کے باعث بجٹ منظور نہیں کر اسکی کیونکہ اپوزیشن کے پاس ممبران کی اکثریت تھی تقریبا دو ماہ کا عرصہ ہونے کو ہے اور بجٹ کی منظوری کے بغیر میٹرو پولٹین کارپوریشن کے میئر صفائی سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے کروڑوں روپے کی ادائیگیاں کر کے غیر قانونی اقدامات کر رہے ہیں جس کی ہم مذمت کر تے ہیں کیونکہ یہ عوام کا پیسہ ہے بجٹ کی منظوری کے بغیر میئر کسی طور پر بھی غیر قانونی طریقے سے ادائیگی نہیں کر سکتے انہوں نے کہا کہ بجٹ کی عدم منظوری کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان نے اپوزیشن کونسلروں کو بلایا تھا جس پر ہم نے اپنے تحفظات، خدشات ظاہر کر تے ہوئے میئر کے غیر قانونی اقدامات کے شواہد انہیں پیش کئے تھے اور انہوں نے پاکستان مسلم لیگ سمیت حکومت کی جانب سے6 اراکین صوبائی اسمبلی پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جس کی آج تک ہمارے ساتھ میٹنگ نہیں ہوئی اگر میٹنگ ہوتی ہے تو ہم تمام شواہد میٹنگ کے شرکاء کو پیش کرینگے کیونکہ بجٹ کونسل کے لئے لازم وملزم ہے ہماری کوشش ہے کہ کسی طور پر بھی غیر قانونی اقدامات اور ادائیگیوں کو روکنے کے لئے اپنا کردا رادا کریں اس کے لئے ہم ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کرینگے میئر اور ڈپٹی میئر بجٹ کی عدم منظوری کے باعث کونسل میں اپنا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں اس لئے وہ جرات کا مظاہر ہ کر تے ہوئے ایک ماہ کے اندر اندر کونسل کا اجلاس بلا کر اعتماد کا ووٹ حاصل کریں انہوں نے کہا کہ میئر آئین کی خلاف ورزی کر تے ہوئے ذاتی مفادات حاصل کر رہے ہیں اور کروڑوں روپے کی غیر قانونی ادائیگیاں کر رہے ہیں جس کی ہم مذمت کر تے ہیں انہوں نے کہا کہ سیکرٹری بلدیات اور حکومت اس کا نوٹس لے اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو ہم سیکرٹری بلدیات کے دفتر کے سامنے دھرنا دینگے انہوں نے چیف جسٹس بلوچستان سے اپیل کی کہ کوئٹہ میں بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کا رروائی کریں اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن بلا جوازمٹن مارکیٹ کو سیل کر نے کا نوٹس لیتے ہوئے اس کو کھول دیں تا کہ لو گوں کو روزگار مل سکے انہوں نے کہا کہ ڈپٹی میئر بیانات دے رہے کہ شہر میں کروڑوں روپے مالیت کی ایل ای ڈی لائٹس لگائیں گے یہ درست عمل نہیں اس موقع پر یحییٰ خان ناصر نے کہا کہ ہم میئر کے تمام غیر قانونی اقدامات کے خلاف ہر محاذ پر مقابلہ کر نے کے لئے تیار ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر سیکرٹری بلدیات اور متعلقہ حکام نے ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے تو ہم عدالت سے بھی رجوع کرینگے۔