کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ قوم پرستوں نے کرپشن ، بدعنوانی اورامن و امان کی خراب صورتحال کے سوا عوام کو کچھ نہیں دیا چار سال کے دوران کوئٹہ شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔
کوئٹہ سے چینی باشندوں کا اغواء گوادر سی پیک منصوبے کو ناکام بنانے کی سازشوں کا حصہ ہے پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ ملکر گوادر سی پیک منصوبے کی حفاظت کو یقینی بنائے گی حکومت چینی باشندوں کی بحفاظت بازیابی کو یقینی بنائے ۔
یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدرحاجی علی مدد جتک ،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی ،صوبائی فنانس سیکرٹری ملک عبدالحمید کاکڑ،ربانی خان خلجی ، حفیظ مینگل ،میر ولی محمد قلندرانی،جہانگیر خلجی ، اشفاق بلوچ اور سفر خان نے جمعرات کو کوئٹہ کے علاقے کیچی بیگ میں حاجی عبدالمنان کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔
اس موقع پر حاجی عبدالمنان نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدرحاجی علی مدد جتک ،سید اقبال شاہ اورسردارربلند جوگیزئی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے باقاعدہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
مقررین نے کہا کہ بلوچستان میں قوم پرستوں کی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے گزشتہ چار سال کے دوران کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہواکوئٹہ صوبائی دارالحکومت ہونے کے باوجود کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے قوم پرست عوام کی خدمت کی بجائے لوٹ مار اور کرپشن میں ملوث ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی بلوچستان سمیت ملک بھر میں روز بروز فعال اور منظم ہورہی ہے انشاء اللہ 2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں بلوچستان سمیت ملک بھر سے کامیابی حاصل کرکے وفاق اور چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت امن و امان برقرا رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے عوام کو ٹارگٹ کلنگ ،بم دھماکوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے کوئٹہ سے دن دیہاڑے چینی باشندوں کا اغواء گوادر سی پیک منصوبے کو ناکام بنانے کی سازشوں کا حصہ ہے پیپلزپارٹی کے جیالے عوام کے ساتھ ملکر گوادر سی پیک منصوبے کی کامیابی کو یقینی بنائے گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کوئٹہ سے اغواء ہونے والے چینی باشندوں کی بحفاظت بازیابی کو یقینی بناتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے۔ ۔ انہوں نے کہا کہ گوادر سی پیک مکمل ہونے سے بلوچستان سمیت ملک بھر کے پڑھے لکھے لاکھوں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور ملک سے غربت کا خاتمہ ہوگا اور ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
انہوں نے حاجی عبدالمنان کو اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شامل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پارٹی پیغام کو گھرگھر پہنچائیں گے۔