|

وقتِ اشاعت :   June 24 – 2017

خضدار: کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر ٹریفک کے مختلف حادثات میں چار افراد جاں بحق ،خواتین و بچوں سمیت بارہ افراد زخمی ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب کراچی سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس اور مخالف سمت سے آنے والی مزدا ٹرک کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں دو مسافر محمد ابراہیم ولد میر محمد ساکن مستونگ ،ایک نامعلوم شخص موقع پر جاں بحق اور آٹھ مسافر جن میں کبیر احمد ،سید سعد اللہ ،عبدالکریم ،جلیل احمد ،علاوہ الدین ،غوث اللہ ،شیر محمد ،سید علی شاہ اور دیگر شامل ہیں زخمی ہو گئے ۔

زخمیوں کو پولیس و پرائیوٹ گاڑیوں میں گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال خضدار پہنچایا گیا جہاں انہیں طبی امداد دینے کے بعد کراچی اور کوئٹہ منتقل کر دیا گیا جبکہ دوسرے واقع میں کراچی سے کوئٹہ جانے والی ٹو ڈی کار اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم ہوا ۔

جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار رحم علی ولد ناصر علی قلندرانی ساکن قلات جا ں بحق ہو گیا ٹوڈی گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دوسرے واقعہ میں کراچی سے خضدار آنے والی مزداٹرک کراڑو کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی ۔

جس کے نتیجے میں سیف اللہ ولد سعید احمد لانگو موقع پر جاں بحق اور خواتین و بچوں سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے زخمیوں کو مقامی ہسپتال پہنچایا گیا جبکہ ضروری کاروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالہ کر دیا گیا ۔