گوادر: بلوچستان میں امن، استحکام اور ہمہ جہت ترقی کے فروغ کے لیے منعقدہ گوادر گرینڈ جرگہ میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، کور کمانڈر کوئٹہ اور جی او سی گوادر نے شرکت کی۔
جرگہ میں قبائلی عمائدین، منتخب نمائندگان، ضلعی انتظامیہ، سیکیورٹی اداروں، تاجر برادری، ماہی گیر نمائندگان اور سول سوسائٹی کے افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جہاں بلوچستان کی مجموعی صورتحال، خصوصاً مکران ڈویڑن اور گوادر کی ترقی سے متعلق اہم نکات زیر بحث آئے۔
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان کی ترقی کا دارومدار عوامی شمولیت، قبائلی ہم آہنگی اور حکومتی اقدامات کے تسلسل پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر جیسے علاقوں میں ترقی کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچانے کے لیے تمام ادارے متحرک ہیں جبکہ خواتین، نوجوانوں اور ماہی گیر برادری کو معاشی طور پر مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جرگہ کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے کے ہر ضلع میں ترقیاتی عمل کو تیز کر رہی ہے اور گوادر کو خصوصی حیثیت دی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچ نوجوانوں کو لاحاصل جنگ میں دھکیلا گیا، جس سے انہیں دور رکھنے کے لیے تعلیم اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ وزیراعلیٰ نے گوادر پورٹ کی کامیابی کے لیے سیکیورٹی فورسز اور عوام کے باہمی تعاون کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ گوادر میں جاری ترقیاتی منصوبے، جن میں سڑکوں کی تعمیر، پانی کی فراہمی، تعلیم اور صحت کے منصوبے شامل ہیں، عوامی فلاح کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن کے قیام اور ترقیاتی منصوبوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گوادر اور مکران ڈویژن کی سیکیورٹی کو یقینی بنانا ترجیحات میں شامل ہے تاکہ سی پیک اور دیگر منصوبے بلا رکاوٹ جاری رہ سکیں۔
انہوں نے عوام اور سیکیورٹی اداروں کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کو دیرپا امن کی بنیاد قرار دیا۔ جرگہ میں گوادر کے مختلف ترقیاتی پہلوؤں پر تفصیل سے گفتگو کی گئی اور اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ گوادر کو سیاحتی مرکز کے طور پر مزید فروغ دیا جائے۔
قبائلی تنازعات کے حل کے حوالے سے شرکائنے جرگہ سسٹم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس امر پر اتفاق کیا کہ مقامی سطح پر مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے تاکہ امن، بھائی چارے اور استحکام کو فروغ ملے۔ گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے جرگہ کے شرکاء کے تمام سوالات کو غور سے سنا، ان کے تسلی بخش جوابات دیے اور تمام جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ آخر میں گوادر گرینڈ جرگہ کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے حکومت، سیکیورٹی اداروں اور عوام کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور گوادر کو ایک پرامن، ترقی یافتہ اور عالمی معیار کا شہر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر کوئٹہ نے گزشتہ سال 11 مئی 2025 کو گوادر میں دہشتگردی کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل محمد خماری بلوچ شہید کی یادگار کا افتتاح بھی کیا۔
Leave a Reply