کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری کی زیر صدارت جمعرات کے روز یہاں منعقد ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے علاوہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے دورہ کوئٹہ اور شہید خان عبدالصمد خان کی برسی کے موقع پر منعقد ہونے والے جلسہ عام کی سیکورٹی سے متعلق امور کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں حتمی شکل دی گئی اور سیکورٹی اداروں کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں جن میں سیکورٹی پلان کی تیاری اور تمام سیکورٹی اداروں کی جانب سے پلان پر مربوط عملدرآمد شامل ہے۔
صوبائی وزراء عبدالرحیم زیارتوال ، سردار رضا محمد بڑیچ ، عبید اللہ جان بابت ، میر محمدخان لہڑی ،سردار درمحمد ناصر رکن قومی اسمبلی عبدالقہار وادان، طاہر محمود ، نصراللہ زیرے، چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگزیب حق، آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری، سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر اکبر حریفال، ڈی آئی جی کوئٹہ، کمشنر کوئٹہ اور دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں شریک تھے۔
حکام کی جانب سے اجلاس کو عیدمیلادالنبی ﷺکے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے اور جلوسوں کی حفاظت کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا جبکہ سابق وزیر اعظم اور جلسہ عام کے مجوزہ سیکورٹی پلان کی تفصیلات بھی فراہم کی گئیں۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ سیکورٹی کی موجودہ صورتحال کی تناظر میں تمام متعلقہ ادارے ، مستعد اور فعال رہتے ہوئے شہر کو بہترین سیکورٹی فراہم کریں اور بدامنی کے معمولی سے معمولی خطرے کو بھی نظر انداز نہ کیا جائے ، مونیٹرنگ کے نظام کو بلند ترین سطح پر رکھا جائے اور تمام ادارے اطلاعات کے تبادلے کے ساتھ ساتھ آپس میں مربوط روابط قائم رکھیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی متوقع ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بھر پور تیاری رکھتے ہوئے شر پسند اور دہشت گرد عناصر کو اپنے مزموم مقاصد کے حصول کا موقع نہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جس میں عوام کا تعاون بھی اشد ضروری ہے بلخصوص علماء کرام معاشرے میں ہم آہنگی، یکجہتی اور رواداری برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں لہذا عوام اور علماء کرام کا تعاون بھی حاصل کیا جائے۔
بعدازاں وزیر اعلیٰ نے آئی جی اور دیگر حکام کے ہمراہ مجوزہ جلسہ گاہ کا معائنہ کرتے ہوئے موقع پر احکامات جاری کیے۔ کوئٹہ مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدروزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے مسلم لیگ کے عہدیداروں اور کارکنوں کو مسلم لیگ (ن) کے صدر سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے دورہ کوئٹہ کے موقع پر پرجوش استقبال کرنیکی ہدایت کی ہے ۔
وہ استقبالی تیاریوں کے سلسلے میں مسلم لیگ کے عہدیداروں اور کارکنوں کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری نصیب اللہ بازئی، وزیر اعلیٰ کے کوارڈینٹرزجمال شاہ کاکڑ، آغا نواب شاہ، سیدال خان ناصر، علاالدین کاکڑ ، عبدالظاہر کاکڑ، نقیب اللہ ترین، مرزا شمشاد اور ضلعی صدور نے بھی شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پارٹی کارکن اپنی دیرینہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے پارٹی کے صدر کا تاریخی استقبال کریں اور دو دستمبر کو منعقد ہونے والے جلسہ عام میں بھی بھرپور طریقے سے شرکت کریں۔
انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف پارٹی صدر منتخب ہونے کے بعد پہلی مرتبہ کوئٹہ آ رہے ہیں اور ان کا یہ دورہ سیاسی طور پر بھی انتہائی اہم ہے، ہمیں ان کا بھرپور استقبال کر کے ثابت کرنا ہے کہ بلوچستان کے عوام اپنے محبوب قائد کے ساتھ ہیں اور مسلم لیگ (ن) بلوچستان کی اکثریت کی حامل جماعت ہے ۔
اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ شہر بھر میں محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری کی تصاویر پر مبنی خیر مقدمی بینر اور پوسٹر آویزاں کئے جائیں گے جبکہ کارکن پارٹی پرچموں اور بینرز کے ہمراہ جلسہ عام میں شرکت کریں گے، اس حوالے سے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جو استقبال کی تیاریاں کریں گی۔
قیام امن سب کی ذمہ داری ہے عوام کو تعاون کرنا ہوگا،نواب زہری
![]()
وقتِ اشاعت : December 1 – 2017