|

وقتِ اشاعت :   December 13 – 2017

کوئٹہ:  سابق چیئرمین کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کیوڈی اے )محمد اسماعیل گجر کیو ڈی اے کے 3جبکہ پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ کے ایک پلاٹ کا مالک نکلاہے ۔

یہ انکشاف نیب کی جانب سے احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب عبدالمجید ناصر کو مذکورہ پلاٹوں کو منجمد کرنے سے متعلق دئیے گئے درخواست میں کیاگیاہے ۔

نیب کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں کہاگیاہے کہ کیو ڈی اے کے سابق چیئرمین محمد اسماعیل گجر نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ کے ایک اور کیوڈی اے کے تین پلاٹس کو اپنے نام کیاہے ۔

اس لئے عدالت سیٹلائٹ ٹاؤن اور دیگر میں واقع ہزاروں مربع فٹ پر مشتمل پلاٹوں کو منجمد کرنے کیلئے احکامات دیں جس پر عدالت نے 27دسمبر کو نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر وتفتیشی آفیسر محمد شعیب کو بمعہ ریکارڈ طلب کرلیاہے ۔

دریں اثناء نیب کی جانب سے سیشن کورٹ کوئٹہ کے سا بق اکاؤنٹنٹ غلام سرور کے خلاف بھی احتساب عدالت میں درخواست گزاری گئی ہے جس میں کہاگیاہے کہ غلام سرور کے نام اسلام آباد میں 5ہزار 29.58مربع فٹ پلاٹس /اپارٹمنٹ ہے جو غیر قانونی اثاثہ جات کے زمرے میں آتی ہے ۔

اس لئے مذکورہ پلاٹ /اپارٹمنٹ کو منجمد کیاجائے جس پر عدالت نے ڈپٹی ڈائریکٹر نیب اور تفتیشی آفیسر محمد شعیب کو 27دسمبر کو بمعہ ریکارڈ طلب کرلیاہے مذکورہ درخواست پر بحث 27دسمبر کو ہی ہوگی ۔