|

وقتِ اشاعت :   December 13 – 2017

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے ہمیں اپنی سیکورٹی فورسز پر فخر ہے جن کی قربانیوں کی بدولت بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن وامان قائم ہوا ہے۔ جو قومیں اپنے شہداء کو یادر کھتی ہیں انہیں کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ بلوچستان سے نوجوانوں کی پاک فوج، فرنٹئیر کور اور دیگر سیکورٹی اداروں میں شمولیت نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کے لئے خوش آئند ہے۔ 

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایف سی کے شہید اہلکاروں کے والد ہاشم خان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کے روز ان سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل ندیم انجم بھی موجود تھے۔ 

ہاشم خان جن کا تعلق لکی مروت سے ہے ان کے دوبیٹوں جو ایف سی اہلکار تھے ملک و قوم کی سلامتی کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دی جبکہ اب ان کے والد ہاشم خان نے اپنے مزید دو بیٹوں کو ایف سی میں بھرتی کرایا ہے تاکہ وہ بھی ملک و قوم کی خدمت کرسکیں۔ 

وزیر اعلیٰ نے محمد ہاشم کی بہادری اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے ، انکی قربانیوں کی وجہ سے آج ملک بھر میں امن قائم ہے ، قوم کو اپنے ایسے جوانوں اور ان جیسے والدین پر فخر ہے جو اپنے دو بیٹوں کی قربانیوں کے باوجود مزید دو بیٹوں کو ملک و قوم کی خدمت کیلئے پیش کر رہے ہیں۔ 

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردوں نے ان کے خاندان کو بھی دہشت گردی کا نشانہ بنایا جس میں ان کے بیٹے ، بھتیجے بھائی اور دیگر ساتھیوں کو شہید کیا گیاتاہم ہمارے حوصلے بلند ہیں دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہوگئے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ ہمارے نو جوان ملک و قوم کی خدمت اور سلامتی کے لئے دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ فوج اور دیگرسیکورٹی اداروں میں شمولیت کر رہے ہیں تاکہ وہ اپنے ملک و قوم کی حفاظت بھرپور طریقے سے کرسکیں ۔اس موقع پر ہاشم خان نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کیا۔ 

دریں اثناء وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ میں پاک فوج کے سیکنڈ لیفٹینٹ عبدالمعید اور سپاہی بشارت کی شہادت پر دلی رنج وغم اور شہیداء کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیاہے ۔ 

اپنے ایک تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد ی کی جنگ میں دھرتی کے دو مزید سپوتوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ، ملک و قوم کی حفاظت کے لئے سیکنڈ لیفٹینٹ عبدالمعید اور سپاہی بشارت کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لئے سیکورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رہیں گی۔ 

انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے ہیروز پر فخر ہے ، اس کم عمری میں عظیم رتبہ پانا ہرکسی کے حصہ میں نہیں آتا قوم کو انکی بہادری اور جرات پر فخر ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری بہادر افواج اور دیگر سیکورٹی فورسز کے آفسران اور جوان اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دہشت گردی کی جنگ میں مصروف ہیں۔ 

دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے اور بچے کچے دہشت گردوں کو بہت جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے شہیداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔