|

وقتِ اشاعت :   December 20 – 2017

کوئٹہ: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان کے بہادر جوان پاک فوج کا حصہ بن کر ملک اور قوم کے لئے اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں شرپسند عناصر ہمارے دشمنوں کے ایماء پر بدامنی پھیلانے کی جو ناکام سازشیں کر رہے ہیں انہیں ہم اپنے اتحاد ویکجہتی سے ناکام بنا دینگے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ ای ایم ای سینٹر میں پاک فوج میں شامل ہونیوالے بلوچ ریکروٹس کےآٹھویں بیچ کی پاؤسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقر یب میں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، صوبائی وزرا ،اعلیٰ سول وفوجی آفیسر زاور مختلف ا سکولوں اور جامعات کے طلباء وطالبات نے شرکت کی ۔

تقریب سے خطاب کر تے ہوئے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا کہ انتہائی پر مسرت آمر ہے کہ بلوچستان کے نوجوان جو ق درجوق پاک فوج میں شامل ہو رہے ہیں اور اس ملک اور سر زمین کے تحفظ کے لئے اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ شر پسند عناصر ہمارے دشمنوں کے ایماء پر بدامنی پھیلانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں جسے ناکام بنانے کے لئے ہمیں اتحاد ویکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا ۔

آج بھی حکومت ، سیکورٹی ادارے اورعوام دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے مشترکہ محاذ پر نبرد آزما ہیں اور وہ دن دور نہیں جب ہم سب مل کر اپنی سرزمین سے یہ ناپاک سازشیں کرنے والوں کو نکال باہر کرینگے اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیاں اور خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے جس طرح پاک فوج میں شمولیت پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے اس پر ہم پاک فوج کے مشکور ہیں اور یہ خوش آئند امر ہے کہ اب تک 13 ہزار200 نوجوان اپنی فوج کا حصہ بنے اور آج 580 نوجوان مزید اپنی خدمات پیش کر نے کے لئے تربیت مکمل کر چکے ہیں ۔

حکومت بلوچستان میں اور پاک فوج بلوچستان میں خوشحال بلوچستان پروگرام کے تحت تعلیمی پسماندگی کے خاتمے کے لئے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان اور بالخصوص بلوچستان کی ترقی کا ضامن ہے ۔


اس منصوبے کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں صنعتیں قائم کی جائیں گی جو بلوچستان میں معاشی بہتری کا باعث بنے گیں بے روزگاری کا خاتمہ اور اہل بلوچستان کے طرز زندگی میں بہتری اس منصوبے کی بنیاد کا حصہ ہیں پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی میں مضمر ہے ۔

پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں کمبیٹ ڈرل کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ پاکستان ایئر فورس کے ایف سیون جیٹ طیاروں کے ساتھ ساتھ پاکستان آرمی ایوی ایشن کے مشاق طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نے سلامی پیش کی واضح رہے کہ پاک فوج کے زیر اہتمام 580 بلوچ جوان تربیت حاصل کر کے پاک فوج کا حصہ بنے ہیں جبکہ اس سے قبل 13200 بلوچ ریکروٹس اب تک پاک فوج میں شامل ہو چکے ہیں ۔

600 بلوچ آفیسرز بھی پاک فوج میں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں جبکہ232 کیڈٹس پی ایم اے کاکول میں تربیت حاصل کر رہے ہیں پاک فوج کے زیر اہتمام چلنے والے تعلیمی اداروں میں 25000 بلوچ طلباء4 تعلیم حاصل کر رہے ہیں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں دوران تربیت نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس کو اعزازی انعامات سے نوازا گیا۔