|

وقتِ اشاعت :   December 23 – 2017

فلپائن میں حکام نے بتایا ہے کہ ملک کے جنوبی حصے میں آنے والے طوفان کے نتیجے میں 100 سے زیادہ افراد ہلاک جبکہ درجنوں افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں۔

فلپائن میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کا کہنا ہے کہ ٹیمیں نامی طوفان جزیرہ منڈاناؤ کے حصوں میں اپنے ساتھ سیلاب اور مٹی کے تودے لایا جس کی وجہ سے دو علاقے، ٹوبوڈ اور پیاگاپو، بری طرح متاثر ہوئے ہیں جہاں کئی گھر مٹی کے تودے تلے دب گئے ہیں۔

شدید بارشوں کے بعد بجلی کی معطلی اور مواصلاتی نظام کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے ریسکیو کی کوششوں میں مشکلات درپیش ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ سمندری طوفان ٹیمبن جزیرہ منڈاناؤ سے گزر کر اب جنوب میں پلاوان کی طرف بڑھ رہا ہے جہاں سے وہ تین روز میں مغرب میں جنوبی ویتنام پہنچے گا۔طوفان

جمعے کو منڈاناؤ کے بعض حصوں سمیت دو دیگر علاقوں میں ایمرجنسی کی صورتحال کا اعلان کردیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ فلپائن میں اکثر و بیشتر شدید سمندری طوفان آتے رہتے ہیں البتہ منڈاناؤ اکثر ان سے متاثر نہیں ہوتا۔

ایک ہفتے پہلے ہی کائی تیک نامی سمندری طوفان نے مرکزی فلپائن کوشدید متاثر کیا تھا جس میں درجنوں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

یہ خطہ ابھی تک 2013 میں آنے والے ہائیان نامی طوفان کی تباہ کاریوں سے بحال ہونے کی کوششوں میں ہے جس میں پانچ ہزار سے زیادہ افراد ہلاک اور کئی ہزار متاثر ہوئے تھے۔