کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کا فون پر رابطہ اور بلوچستان کی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے متبادلہ خیال کیاگیا۔
وزیراعظم اور سابق وزیراعظم نے نواب ثناء اللہ کو موجودہ صورتحال کے حوالے سے ہر ممکن حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ کہ تحریک عدم اعتماد ایک بڑے سازش کا حصہ ہے اور اسے کامیاب ہونے نہیں دینگے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اتوار کے روز وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کو ٹیلی فون کیا اور بلوچستان اسمبلی میں پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) جمہوریت اور جمہوری تسلسل پر یقین رکھتی ہے اور ہر سطح پر غیر جمہوری قوتوں کی سازشوں کا مقابلہ کر رہی ہے، انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ بلوچستان میں بھی جمہوریت مخالف سازش کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے پی ایم ایل این کے اراکین اسمبلی پر زور دیا کہ وہ اتحادی جماعتوں کے تعاون اور آپس کے اتحاد سے جمہوریت مخالف عناصر کو ناکام بنا دیں، وزیراعلیٰ بلوچستان نے انہیں صوبہ کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ وہ جمہوری طریقے سے تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔
انہوں نے اس پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اتحادی جماعتوں کے اراکین جمہوریت اور جمہوری عمل کے دفاع میں مکمل طور پر ان کے ساتھ ہیں،اس سے قبل سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی موجودہ سیاسی صورتحال سینٹ کے الیکشن کو رکوانے کیلئے پیدا کی گئی ہے کسی بھی غیر جمہوری رویے کو قبول نہیں کرینگے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب نثاء اللہ زہری کی جانب سے رابطے میں کیا نواب ثناء اللہ زہری کی جانب سے بلوچستان اسمبلی میں ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کیلئے مدد کی استدعا پر سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد آنا سازش ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی موجودہ سیاسی صورتحال سینٹ کے الیکشن رکوانے کیلئے پیدا کی گئی ہے سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ کسی بھی غیر جمہوری رویے کو قبول نہیں کرینگے ۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ ہماری اولین ترجیح ہے قبل ازیں چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے لاہور میں ان کی رہائش گاہ جاتی امرا پر ملاقات کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دریں اثناء تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کیلئے وزیراعلیٰ اور اتحادی جماعتوں نے اپنی کوششیں تیز کردی ، اتوار کو چھٹی ہونے کے باوجود نواب ثناء اللہ زہری سے وفاقی وزراء خرم دستگیر، جنرل قادر بلوچ، جام کملا کے علاوہ پشتونخوا میپ کے سربراہ محمودخان اچکزئی ، نواب ایاز جوگیزئی ، ن لیگ کے رہنماء سردار یعقوب ناصر نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ جمہوری قدروں پر مکمل یقین رکھتے ہیں، تحریک عدم اعتماد پیش کرنا مخالف ارکان اسمبلی کے حق اور اسے جمہوری انداز میں ناکام بنانا ہمارا حق ہے، تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری سے اتوار کے روز پشتونخواملی اعوامی پارٹی کے قائد محمود خان اچکزئی مسلم لیگ ن کے رہنمااور وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر اور وزیر مملکت جام کمال نے علیحدملاقات کی ہے۔
تینوں رہنماؤں نے وزیراعلیٰ بلوچستان خلاف تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ انھوں نے وزیراعلیٰ کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ جمہوری تسلسل برقرار رہے گااور جمہوری عمل کے خلاف سازش کرنے والوں کو شکست سے دوچار ہونا پڑے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نو اب ثناء اللہ زہری نے اس موقع پر کہا کہ وہ جمہوری قدروں پر پختہ یقین رکھتے ہیں ۔تحریک عدم اعتماد پیش کرنامخالیفین کا جمہوری حق ہے لیکن وہ جمہوری طریقے سے ہی اس کا مقابلہ کریں گے اور ایوان میں اپنی اکثریت ثابت کریں گے۔
دریں اثناء وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر نے اتوار کے روز یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے میں مجموعی سیاسی صورتحال، وزیر اعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سردار یعقوب خان ناصر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے صوبے کی پائیدار امن ، ترقی اور خوشحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے ہیں اور تمام اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کرچلے ہیں جس کی بدولت صوبے میں امن اور ترقی کا سفر شروع ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری تسلسل کو نقصان پہنچانے والے صوبے کے قطعی خیر خواہ نہیں اور ان کے عزائم کامیا ب نہیں ہوں گے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر سینیٹر سردار یعقوب خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بلوچستان مضبوط ہے اور چند مفاد پرستوں کے پارٹی سے بغاوت کا پارٹی پر کوئی اثر نہیں پڑیگا۔صوبائی اسمبلی میں اکثریت اراکین تحریک عدم اعتماد کے خلاف ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی عمل اور پائیدار امن کے لئے موجودہ جمہوری تسلسل کا چلنا ناصرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کے مفاد میں ہے۔ سردار یعقوب ناصر نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک کو جمہوری طریقے سے ناکام بنا کر پارٹی سے بغاوت کرنے والے مفاد پرستوں کے عزائم کو ناکام بنادینگے۔ صوبائی وزراء سردار اسلم بزنجو اور نواب محمد خان شاہوانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعظم عباسی اور نوازشریف کی نواب زہری سے رابطے،مکمل حمایت کی یقین دہانی
![]()
وقتِ اشاعت : January 8 – 2018