|

وقتِ اشاعت :   February 14 – 2019

کوئٹہ:  محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میں کروڑوں روپے کے غبن کے الزام میں سابق ایکسین کو نیب نے گرفتار کرلیا۔ نیب ترجمان کے مطابق قومی احتساب بیورو بلوچستان نے پی ایچ ای میں بد عنوانی کے اس مقدمے کی تحقیقات کی تو معلوم ہوا کہ سال 2017 میں سابق ایکسین الیکٹریکل اینڈ ڈویژن محکمہ پی ایچ ای غلا م سرور بگٹی و دیگر نے سرکار کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کانقصان پہنچایا۔

انہوں نے ملازمین کی ملی بھگت سے گورنمنٹ فنڈز میں غبن کرتے ہوئے 4 کروڑ 46 لاکھ روپے جیبوں کی نذرکئے۔ڈائریکٹر نیب بلوچستان محمد عابد جاوید نے ملزم کے خلاف تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے ناقابل تردید ثبوتوں کی روشنی اور مزید تفتیش کے لئے ملزم غلام سرور بگٹی کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جس پر نیب کی انٹیلی جنس ٹیم نے ملزم کو کوئٹہ سے گرفتار کر لیا ہے۔ترجمان کے مطابق ملزم کو احتساب عدالت پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائیگا۔

ڈائر یکٹر جنرل نیب بلوچستان نے کرپشن کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی و سائل لوٹنے والے کرپٹ عناصر کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔انہوں نے کہا بلوچستان کے وسائل عوام کی امانت ہیں ان میں خیانت کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔

دریں اثناء محکمہ پی ایچ ای کے ترجمان نے کہا ہے کہ نیب کے ہاتھوں گرفتار ہونے والا سابق ایکس ای این غلام سرور بگٹی پہلے ہی سے معطل ہے سابق ایکس ای این کو کرپشن کے حوالے سے محکمانہ کاروائی کے نتیجے میں معطل کیا جا چکا ہے غلام سرور بگٹی کے خلاف محکمانہ کاروائی کے علاوہ اینٹی کرپشن بھی تحقیقات کر رہی ہے۔