کراچی: صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ لاپتا افراد کی بہت اہمیت ہے اور یہ معاملہ بہت تکلیف دہ بھی ہے تاہم اس حوالے سے بہت پیش رفت ہوئی ہے، امید ہے لاپتا افراد کا مسئلہ بہت جلد حل ہوگا،سندھ کے شعراء نے دنیا کو امن و محبت کا پیغام دیاہے۔
نفرتیں پھیلانا سندھ کی ثقافت کیخلاف ہے،دنیا بھر میں کتابوں کا رجحان ختم ہو کر انٹرنیٹ پر آ رہا ہے، جو ادب ہے وہ میراث ہے اور ہم اس کے وارث ہیں۔اتوارکو کراچی میں سندھ لٹریچر فیسٹیول میں خطاب کرتے ہوئے صدرِ مملکت نے کہا کہ لاپتا افراد کے حوالے سے ایک بل بھی قومی اسمبلی میں پیش کیا جا چکا ہے، امید ہے لاپتا افراد کا مسئلہ بہت جلد حل ہو جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ انہیں حیرت ہے کہ سندھ میں انتہا پسندی کہاں سے آئی، وہ سندھ کی تمام قومیتوں کوجوڑنا چاہتے ہیں، انھیں آپس میں لڑانا آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے، مذہبی اور لسانی نفرتیں لوگوں کو لڑانے کے لیے پیدا کی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ نفرتیں پھیلانا سندھ کی ثقافت کیخلاف ہے لہٰذا سندھ کی آبادی کو جوڑنا میرا فرض ہے، فیڈریشن کا آئینی فرض بنتا ہے کہ سب کو متحد رکھے۔
انہوں نے کہاکہ سندھ میں اقلیتوں کے ساتھ کبھی بھی ناروا سلوک نہیں ہو۔انہوں نے کہاکہ لاپتہ افراد کے معاملے پر قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے جب کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ جیت رہے ہیں۔پاک فوج نے دہشتگردی کے عنصر کو سرحدوں پر روک دیاہے۔صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان وہ دھرتی ہے جس نے افغان مہاجرین کو قبول کیا، ابھی بھی 25 لاکھ افغان مہاجرین سندھ میں موجود ہیں، تھرپارکر میں بسنے والوں کی حالت کو بہتر کرنا ہے۔
سندھ میں تعلیم اور صحت کی سہولیات بہتر ہونی چاہئیں، سرکار ذمے داری پوری نہیں کرتی تو ہم سب کو آگے بڑھنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ قوم سرکار سے نہیں عوام سے بنتی ہے، سندھی قوم کسی حکومت نے نہیں بنائی، اچھے معاملات کرپشن کی وجہ سے نہیں چل سکتے، سعودی شہزادے نے کہا ہم پاکستان میں سرمایہ کریں گے، دنیا بھر سے سرمایہ پاکستان لائیں گے۔
انھوں نے ادب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں کتابوں کا رجحان ختم ہو کر انٹرنیٹ پر آ رہا ہے، جو ادب ہے وہ میراث ہے اور ہم اس کے وارث ہیں۔صدر عارف علوی نے کہا کہ محبت کا پیغام شاہ لطیف کا ہے جو سندھ دھرتی کا زیور ہے، سندھ کے اندر بہت ساری چیزیں زبانی چلتی ہیں۔
لوگوں کو اندازہ نہیں سندھ کے لوگ کتنے مہمان نواز ہیں۔صدر مملکت نے کہاکہ کرپشن کے ہوتے معاملات بہتری کی طرف نہیں جاسکتے جب کہ پاکستان معاشی ترقی کے راستے پر گامزن ہوچکا ہے۔
لاپتہ افراد کے حوالے سے بل قومی اسمبلی میں پیش کیا جاچکا ہے ، مسئلہ جلد حل ہوگا ، عارف علوی
![]()
وقتِ اشاعت : February 25 – 2019