|

وقتِ اشاعت :   December 30 – 2019

 واشنگٹن: افغان طالبان نے اعلان کیا ہے کہ وہ ملک بھر میں عارضی جنگ بندی پر رضامند ہیں جس سے امریکا کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کی راہ ہموار ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

 امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق افغان طالبان نے ملک بھر میں عارضی جنگ بندی پر رضامند ظاہر کردی ہے جس کے بعد امریکا کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کی راہ ہموار ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

افغان طالبان کی جانب سے جنگ بندی کی مدت کے بارے میں نہیں بتایا گیا تاہم اطلاعات ہیں کہ یہ 10 روز تک جاری رہ سکتی ہے، اس عارضی جنگ بندی کی تجویز امریکی سفیر برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے مذاکرات کے گزشتہ دور کے دوران پیش کی تھی۔

دوسری جانب افغان طالبان نے جنگ بندی کے حوالے سے امریکی میڈیا کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان سربراہ کی جانب سے ابھی تک جنگ بندی کی منظوری نہیں دی گئی۔

واضح رہے کہ امن معاہدے کے نتیجے میں واشنگٹن افغانستان میں 18 سال سے جاری رہنے والی جنگ کے بعد اپنی افواج کو واپس ملک میں بلاسکتا ہے۔