|

وقتِ اشاعت :   January 8 – 2020

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ پیشگی وارننگ سسٹم نے بہترین کام کیا اور عراق میں امریکی اڈوں پر حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر ایران کے حملے کے بعد قوم سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ‘عراق میں امریکی اڈوں پر حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور احتیاطی تدابیر کی وجہ سے کوئی امریکی اور عراقی کو نقصان نہیں پہنچا۔’

انہوں نے کہا کہ ‘پیشگی وارننگ سسٹم نے بہترین کام کیا جبکہ امریکی افواج کسی بھی قسم کے حالات کے لیے تیار ہیں۔’

ان کا کہنا تھا کہ ‘ایران دنیا میں دہشت گردی کی معاونت کرتا رہا ہے اور مہذب دنیا کو خوف زدہ کر تا رہا ہے، قومیں ایران کا رویہ برداشت کرتی رہی ہیں تاہم اب ایران کو ایسا کچھ نہیں کرنے دیں گے۔’

امریکی صدر نے کہا کہ ‘میرے حکم پر جنرل قاسم سلیمانی کو حملے میں قتل کیا گیا، وہ دہشت گردوں کی سرپرستی کرتے رہے اور امریکیوں پر حملوں میں ملوث رہے، جبکہ قاسم سلیمانی امریکی مفادات پر مزید حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔’

انہوں نے کہا کہ ‘ایران نے حالیہ دنوں میں 2 امریکی ڈرون بھی تباہ کیے، تہران نے معاہدے کے بعد یمن، لبنان، افغانستان اور عراق میں تباہی مچائی تاہم اب معاملہ برداشت سے باہر ہو چکا تھا اور اب دنیا ایران کو پیغام دے گی کہ اس کی دہشت گردی اب قبول نہیں کی جائے گی۔