|

وقتِ اشاعت :   March 7 – 2020

چین سے دنیا کے مختلف ممالک میں پھیلنے والے موذی کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

مختلف ممالک سے کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 102،237 ہوچکی ہے  اور وائرس سے اب تک 3,497 افراد ہلاک جبکہ 57ہزار 622 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

چین میں مزید 28 ہلاکتیں

چین میں کورونا وائرس سے مزید 28 افراد لقمہ اجل بن گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار سے زائد ہوئی ہے جب کہ 99 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 80 ہزار 561 ہوگئی ہے۔

جنوبی کوریا میں ہلاکتوں کی تعداد 44

چین کے بعد کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا ملک جنوبی کوریا ہے جہاں سے اب تک 7 ہزار کے قریب کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 44 ہوگئی ہے۔

ایران میں 124 اور اٹلی میں 197 ہلاکتیں

اس کے علاوہ ایران میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 124 اور متاثر ہونے والوں کی تعداد 5 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔

اٹلی سے بھی کورونا وائرس کے  4 ہزار 636  کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جب کہ مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 197 ہے۔

کیلی فورنیا پر بحری جہاز کے مسافروں میں وائرس کی تصدیق

عرب خبررساں ادارے کے مطابق امریکا میں کیلی فورنیا کے ساحل پر ایک اور گرانڈ پرنس نامی بحری جہاز سے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں۔

امریکی نائب صدر مائیک پینس نے تصدیق کی کہ گزشتہ دو جہازوں کی طرح ایک اور جہاز کا عملہ اور مسافر وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ امکان ہے کہ عملے کے تقریباً 1150 ارکان کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ان ممالک کے علاوہ جرمنی، فرانس، جاپان، سنگاپور، اسپین، دبئی، سعودی عرب، بھارت پاکستان اور  افغانستان سمیت 90 سے زائد ممالک میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔عالمی ادارہ صحت کی جانب سے دنیا کے تمام ممالک کو کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے بڑے پیمانے پر حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کے مطابق وائرس کی وجہ سے 13 ملکوں میں اسکول بند ہیں جس کی وجہ سے 29 کروڑوں بچے اسکول جانے سے محروم ہیں۔

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے 50 ارب ڈالر جب کہ عالمی بینک کی جانب سے 12 ارب ڈالر امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔