|

وقتِ اشاعت :   September 13 – 2020


کوئٹہ(خ ن) :چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس جمال خان مندوخیل، اور جسٹس عبدالحمید بلوچ پر مشتمل بنچ نے جعلی لوکل وڈومیسائل سر ٹیفیکٹ سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہو ئے صوبے کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر وں کو حکم دیا ہے کہ جعلی اور مشکوک لوکل و ڈومیسائل سر ٹیفیکٹ کے خلاف چھا ن بین کرکے خلاف قانون لوکل سرٹیفیکٹ و ڈومیسائل کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔

دوست محمد ایڈ وکیٹ کی جانب سے دائر مقدمہ میں موقف اختیا ر کیا گیا ہے،کہ بڑی تعداد میں دوسرے صوبوں کے لوگوں نے صو بہ بلوچستان کے مختلف اضلاع سے لوکل و ڈومیسائل سر ٹیفیکٹ حاصل کیے ہیں، اور انہی جعلی لوکل وڈومیسائل سرٹیفیکٹ کی بنا پر صوبہ بلوچستان کیلئے مختص مختلف تعلیمی اداروں کی سیٹوں، اسکالرشپ اور نوکریوں پر تعینات ہوکر حقیقی اُمیدواروں کو ان کی حقوق سے محروم کیا ہے

۔مزکورہ وکیل نے معزز عدالت کو بتایا کہ اس مسئلے کا حکومتی سطح پر نو ٹس لیا گیا ہے۔لیکن جعلی لوکل و ڈومیسائل سر ٹیفیکٹ کی تصدیقی عمل میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔بنچ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو حکم دیا گیا ہے،کہ فوری طور پر اپنے متعلقہ اضلاع سے جاری لوکل وڈومیسائل سر ٹیفیکٹ کی تصدیق کرے۔

ڈپٹی کمشنرز لوکل ْ و ڈومیسائل سرٹیفیکٹ پر اٹھائے گئے اعتراضات کو سنے اور تصدیقی عمل کے سلسلے میں نادر ا و دیگر متعلقہ اداروں سے مدد حاصل کریں۔

تمام ڈپٹی کمشنرز ایک نظام وضع کریں جس کے ذریعے سے لوکل و ڈومیسائل رکھنے والے افراد کی رہائش،پیشہ وارانہ، اور کاروباری پتو ں کی تصدیق کرسکے،اور اس سارے عمل کو 30 یوم کے اندر مکمل کریں۔ اس دوران اگر کسی بھی لوکل و ڈومیسائل سرٹیفیکٹ جعلی یا مشکوک پایا گیا تو ایسے لوکل و ڈومیسائل رکھنے والے اُمیدواروں کو ان کے دیے ہوئے پتے پر نوٹس جاری کریں، او ر اُمیدواروں کو تاریخ، جگہ اور وقت کا تعین کرکے بلالیں۔

ایسے سر ٹیفیکٹ کا فیصلہ سختی سے قانون اور میرٹ کے اصولو ں پر کریں۔بنچ نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ذاتی طور پر اس مقدمہ کے آئندہ سماعت جو 29 ستمبر کو منعقد ہوگی کو پیش ہو اور معزز عدالت کی رہنمائی کریں کہ لوکل وڈومیسائل سر ٹیفیکٹ کو جاری کرنے کا قانون اور طریقہ کیا ہے۔کون قانونی طور پر اس سر ٹیفیکٹ کو حاصل کرنے کا اہل ہے، اور اس کو حاصل کرنے کا کسوٹی کیا ہے،اور اس سرٹیفیکٹ کے تصدیق کرنے اور منسوخ کرنے کا طریقہ کا ر کیا ہے۔

بنچ نے تمام کمشنروں کو ہدایت کی کہ ا پنے متعلقہ ڈویژنز میں ذاتی طور پر تصدیقی عمل کی نگرانی کریں، اور ہفتہ وار پیش رفت رپورٹس ڈی سیز سے وصول کریں تمام کمشنر زاس سلسلے میں آخری رپورٹ اپنے دستخطو ں سے ایڈ وکیٹ جنرل کے ذریعے آئندہ سماعت پر پیش کریں،اور ایڈ یشنل چیف سیکرٹری دا خلہ بذات خود آئندہ سماعت پر پیش ہو،اور اوپر ہدایت کی گئی جامع رپورٹ پیش کریں۔