|

وقتِ اشاعت :   October 2 – 2020

کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام آزمائے ہوئے سیاسی جماعتیں بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے خلاف اکٹھے ہو گئی ہیں۔ اُنہیں بلوچستان کی ترقی و خوشحالی ہضم نہیں ہو رہی, بلوچستان کی باشعور عوام ترقی مخالف سیاست سے بے زار ہو چکی ہے۔

عوام جان چکی ہے کہ انتشار کی سیاست کے پیچھے مخصوص ایجنڈا ہوتا ہے جو ذاتی مفادات پر مبنی ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے کہا ہے کہ انتخابات میں مسترد شدہ عناصر کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں, یہ عناصر صرف ملک و قوم کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں. ان عناصر نے ذاتی مفادات کی خاطر قومی مفادات کو بالائے طاق رکھا ہوا ہے. وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت جب سے اقتدار میں آئی ہے۔

بلوچستان میں ترقیاتی اقدامات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان عالیانی بلوچستان میں یکساں ترقی پر یقین رکھتے ہیں اپوزیشن کے حلقوں میں بھی 2 سے 3 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی. چمن کراچی چار لائن روڑ منصوبہ بھی موجودہ حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں ممکن ہورہا ہے۔

اس کے علاوہ کینسر ہسپتال کا قیام, نوجوانوں کے لیے سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر, صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات موجودہ حکومت کی عوام دوستی ترقی و فلاح و بہبود کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔