|

وقتِ اشاعت :   October 5 – 2020

چمن +پشین: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ تحریک کی شروعات ملک میں شفاف انتخابات،حقیقی جمہوریت کے قیام، پارلیمنٹ کی بالاستی، آئین وقانون کی حکمرانی قائم کرنے اور ملک کے اقوام وعوام کو ہر قسم کے بحرانوں ومسائل سے نجات کی بنیاد ثابت ہوگی اور 2018کے جعلی اور زر وزور دھاندلی کے انتخابات کے ذریعے مسلط اور سلیکٹڈ حکومتوں کے خاتمے کا سبب بنے گا۔

ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے صوبائی نائب صدر اور ضلع قلعہ عبداللہ کے ضلعی سیکرٹری عبدالقہار خان ودان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر حامد خان اچکزئی اور ضلعی ایگزیکٹوز نے ضلع قلعہ عبداللہ کے ضلعی کمیٹی کے اجلاس اور پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سید شراف آغا اور ضلعی ایگزیکٹوز نے ضلع پشین کے ضلعی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ان اجلاسوں میں پی ڈی ایم کے 25اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف فیصلے کیئے گئے اور پارٹی کے تمام عہدیداروں اور کارکنوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس تاریخی جلسہ میں عوام کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری، وطن دوست، عوام دوست قوتوں اور غیر جمہوری سلیکٹڈ قوتوں کے درمیان جاری کشمکش میں فتح حقیقی سیاسی جمہوری قوتوں کو ہوگی اور تاریخ گواہ ہے کہ ہر وقت آمر حکمرانوں اور ان کے کاسہ لیسوں کو ہمیشہ ہر قسم کی سازشوں کے باوجود شکسست سے دوچار ہونا پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی تحریک ملک کے اقوام وعوام کے حقوق واختیارات کے حصول اور ہر قسم کے عوام دشمن اقدامات کا خاتمہ کردیگی اور اس جمہوری تحریک کے باعث ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی ممکن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سلیکٹڈ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں اور عوام دشمن اقدامات کے باعث ملک مسلسل سیاسی ومعاشی بحرانوں میں مبتلا ہے۔

ملک کی معاشی نظام بدترین تنزلی کا شکار ہے، خارجہ وداخلہ پالیسیاں ناکام اور ملک بین الاقوامی طور پربدترین تنہائی کا سامنا کررہا ہے، ہر شعبہ زندگی تنزلی کی جانب رواں ہے،بدترین مہنگائی،بیروزگاری غریب عوام کا جینا دو بھر کردیا ہے، ملک کی تاریخ میں پٹرول، ڈیزل، گیس، بجلی سمیت ایسے تمام اشیاء کی قیمتیں دن بدن بڑھ رہی ہے جس نے ملک کو سنگین مسائل سے دوچار کر رکھا ہے۔

لہٰذا اس سنگین صورتحال سے نجات کیلئے ضروری ہے کہ ملک کے تمام سیاسی جمہوری قوتیں،مزدور، طلباء، تاجر، ٹرانسپورٹرز، سول سوسائٹی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی تحریک کا ساتھ دیں۔