|

وقتِ اشاعت :   October 7 – 2020

کوئٹہ: ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی محمد قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے کوشاں ہے صوبہ کی پسماندگی کے خاتمہ کے لئے وفاقی حکومت بلوچستان کے ساتھ ملکر اقدامات کررہی ہے زیارت‘ ہرنائی‘ سنجاوی اور دیگر علاقوں میں ترقیاتی اسکیمات کے لئے وفاقی حکومت سے بات کریں گے صوبہ کی ترقی کے لئے حکومت کے اقدامات سے اپوزیشن خائف ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف شمال مشرقی ریجن کے صدر حاجی نواب خان دمڑ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال بلوچستان سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمے کے لئے وسائل بروئے کار لارہی ہے۔

دو سال کے دوران عوام دوست اقدامات سے اپوزیشن خائف ہے اور سبز باغ و حکومت کے خلاف نعروں کے ذریعے عوام کو ورغلانے کی ناکام کوشش کررہی ہے عوام باشعور ہوچکی ہے وہ اپوزیشن کے نعروں میں آنے والے نہیں پاکستان تحریک انصاف اپنے دور حکومت میں بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمے کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر کام کررہی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف ایک واضح ویژن رکھتی ہے جس پر چلتے ہوئے بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے انہوں نے کہا کہ صوبہ میں تعلیم‘ صحت و دیگر سہولیات پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔