|

وقتِ اشاعت :   October 26 – 2020

خضدار+بیلہ+مستونگ+ سبی: بلوچستان کے علاقے خضدار، بیلہ، مستونگ اور مٹھٹری میں ٹریفک کے مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق اور 11افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع خضدار کے علاقے اورناچ کے قریب تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل سوار وں کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار دو افراد محمد مراد ولد فیض محمد اور محمد کریم ولد محمد ساکنان اورناچ موقع پر جاں بحق ہو گئے۔

لیویز نے ٹرالر ڈرائیور کو گرفتار کر کے نعشوں کو ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا واضح رہے کہ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر گزشتہ دس دنوں کے دوران ٹریفک حادثات میں نو سے زائد افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں جاں بحق افراد میں خواتین و بچے بھی شامل ہیں۔ ضلع کچھی کے علاقہ مٹھڑی کے مقام پر سبی جیکب آباد قومی شاہراہ پر تیز رفتاری کے باعث مزدا ٹرک سامنے سے آنے والی ڈاٹسن سے ٹکرا گیا۔

جس کے نتیجے میں حاجی لعل محمد، حاجی حبیب اللہ سمیت 3 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ حاجی اللہ نور، عبدالحکیم، امیر محمد، رحمت اللہ،حاجی لعل شاہ، عزیز اللہ، غلام نبی، عبدالرشید، جمعہ خان سمیت 9زخمی ہوئے جن کو فوری طور پر سول ہسپتال سبی لے جایا گیا جہاں پر طبی امداد کے بعد کوئٹہ ریفر کردیا گیا جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو تعلق ڈیرہ مراد جمالی سے بتایا جاتا ہے۔

بیلہ میں مین آر سی ڈی شاہراہ ویلپٹ کے مقام پر ٹریلر کی موٹر سائیکل کو ٹکر ایک بچہ جاں بحق دو افراد زخمی سول ہسپتال بیلہ میں طبی امداد دینے کے بعد کراچی منتقل، حادثہ کوئٹہ سے کراچی جانے والے ٹرالر نمبر TLH.882 کی آر سی ڈی شاہراہ ویلپٹ کے مقام پر مخالف سمت سے آنے والی موٹرسائیکل سے ٹکرانے کے باعث ایک 7 سالہ بچہ محسن ولد نور محمد جاں بحق جبکہ نور محمد ولد عبدالکریم،ملاں نصیر احمد ولد عبداللہ اقوام بلوچ ساکنان لنگڑا بیلہ شدید زخمی ہوگئے۔

جنہیں سول ہسپتال بیلہ منتقل کرکے طبی امداد دینے کے بعد مزید علاج کے لیئے کراچی منتقل کردیا۔مستونگ ک قریب قومی شاہراہ پر ڑلی کے مقام پر قائم پولیس چیک پوسٹ کے قریب سوراب جانیوالے مسافر ویگن کے ٹکر سے موٹرسائیکل سوار محمد افضل قلندرانی ولد محمد اعظم ساکن کلی دشت امبو کھڈکوچہ جاں بحق ہوا۔لاش کو شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال منتقل کردیاگیاحادثہ روڈ پر رکھے گئے بیرئرز کی وجہ سے پیش آیا۔

ریسکیو زرائع کے مطابق کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر سب سے زیادہ ٹریفک حادثات خضدار ٹو لسبیلہ سیکشن میں ہو رہے ہیں اس کی ایک بڑی وجہ یہاں موٹروے پولیس کی عدم تعیناتی بھی ہے ڈرائیور حضرات موٹروے پولیس کی عدم تعیناتی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تیز رفتاری کرتے ہیں جو حادثات کا سبب بن رہے ہیں نیشنل ہائی وے اتھارٹی و متعلقہ زمہ داران سے عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سوراب،براستہ خضدار ٹو لسبیلہ سیکشن پر موٹروے پولیس کی تعیناتی کو یقینی بنائیں تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع کم سے کم ہو۔