|

وقتِ اشاعت :   November 5 – 2020

کوئٹہ: لاپتہ افراد کی بازیابی کے حوالے سے قائم وفاقی حکومت کے کمیشن کی کوئٹہ میں تیسرے روز کی سماعت مکمل بارہ لاپتہ افراد کے کیسز سنے گئے سماعت کے دوران ایک لاپتہ شخص کے بازیاب ہونے کی تصدیق ہوگئی۔محکمہ د اخلہ بلوچستان کے مطابق وفاقی حکومت کی ہدایت پر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے قائم کمیشن نے سکندر جمالی آڈیٹوریم میں تیسرے روز بھی لاپتہ افراد کے کیسز کی سماعت کی کمیشن کی سربراہی بلوچستان ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس فضل الرحمن کررہے ہیں۔

کمیشن کی سماعت کے تیسرے روز بارہ لاپتہ افراد کے کیسز کی سماعت ہوئی جن میں تین کا تعلق قلات جبکہ دو دو کا تعلق کوئٹہ،قلعہ عبداللہ،مستونگ اور موسی خیل اور ایک تعلق واشک سے تھا سماعت کے دوران قلعہ عبداللہ سے تعلق رکھنے والے ایک لاپتہ شخص کے بازیاب ہو کر گھر پہنچنے کی تصدیق ہوگئی۔

یہ لاپتہ شخص چھ سال سے لاپتہ تھا کمیشن کی تین روزہ سماعت کے دوران دو لاپتہ افراد بازیاب ہوچکے ہیں کوئٹہ میں لاپتہ افراد کے کمیشن کی سماعت 7نومبر تک جاری رہے گی اور اس دوران مجموعی طور پر 69کیسز سنے جائیں گے، تمام لاپتا افراد کا تعلق بلوچستان کے مختلف اضلاع سے ہے۔