|

وقتِ اشاعت :   November 20 – 2020

کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ، گوادر فری ٹریڈ زون اتھارٹی اور جدہ میں پاکستانی قونصلیٹ کے اشتراک سے سعودی سرمایہ کاروں کو بلوچستان کی طرف راغب کرنے اور سر مایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے کیلئے ویب نار کا انعقاد کیا گیا۔

جسکی صدارت جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد ماجدنے کی، ویب نار میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈکے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون، چائنا اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی گوادر فری ٹریڈ زون کے چیف ایگزیکٹو ڑینگ باؤ ڑونگ، جدہ میں ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصل وحید شاہ سمیت سعودی سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی، قونصل جنرل خالد ماجدنے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔

اور ویب نار کے اغراض و مقاصد بیان کئے،بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تجارتی تعلقات، بلوچستان کی تجارتی و جغرافیائی اہمیت،سی پیک، خصوصی اقتصادی زونز اور صوبے کے مختلف شعبوں میں موجودسرمایہ کاری کے مواقع، حکومت کی جانب سے دی گئی۔

مراعات، سہولیات اور دیگر امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی،انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ اپنی جغرافیائی اہمیت کے باعث سرمایہ کاری کیلئے موذوں ہے،جہاں آئل ریفائنری سمیت توانائی کے شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں، اسکے علاوہ گوادر فری ٹریڈ زون اور حب و بوستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کیلئے حکومت کی جانب سے بے شمار مراعات اور ٹیکسوں میں چھوٹ دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کار ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور بلوچستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں، اس موقع پر سرمایہ کاروں نے بریفنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں بلوچستان کے بارے میں بہت کچھ جاننے کا موقع ملا، انہوں نے مختلف شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا اور سوالات پوچھے جن کے فرمان زرکون نے تسلی بخش جوابات دئیے۔