|

وقتِ اشاعت :   November 20 – 2020

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) بلوچستان میں مضبوط اور مستحکم ہے تمام ضلعی عہدیداران اور کارکن پارٹی کے پیغام کو صوبے کے طول و عرض میں پھیلانے کے لئے بھر جدوجہد جاری رکھیں، کچھ لوگ7نومبر کے بعد اب دوبار ہ مستعفی ہونے کے کا اعلان کر رہے ہیں لیکن عوام انہیں توجہ نہیں دے رہی نظریاتی کارکن آج بھی پارٹی کیساتھ ہیں۔

آنے والا دور مسلم لیگ(ن) کا ہوگا، یہ بات انہوں نے جمعرات کو پارٹی کارکنوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) قومی سطح کی وہ جماعت ہے جس نے ماضی اور حال میں بحرانوں کا مقابلہ کیا اور ہمیشہ عوامی طاقت سے ابھر کر سامنے آئی یہی وجہ ہے کہ آج بھی پاکستان کی عوام کی امیدیں مسلم لیگ(ن)سے وابستہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے کوئٹہ کے جلسے میں پارٹی کارکنوں کی بھر پورشمولیت سے ثابت ہوگیا کہ بلوچستان مسلم لیگ(ن) کا دوسرا گھر ہے مسلم لیگ(ن) بلوچستان میں آج بھی مضبوط اور مستحکم ہے پارٹی کے عہدیدار اور کارکن اپنا کام کر رہے ہیں عہدیدار اور کارکن بھر پور انداز میں اپنا کام جاری رکھتے ہوئے پارٹی پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ کچھ لوگ جو 7نومبر کو ایک بار مستعفی ہوچکے ہیں۔

اب دوسرے اضلاع میں جاکر بار بار مستعفی ہونے کا اعلان کر رہے ہیں انہیں عوام کی توجہ چاہیے جو نہیں مل رہی اور اب وہ پریشانی کا شکار ہو کر دوبارہ مستعفی ہونے کا اعلان کر رہے ہیں انہوں نے کہاکہ نشیب و فرار سیاسی جماعتوں کی تاریخ کا حصہ ہیں نظریاتی کارکن آج بھی پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں انہیں معلوم ہے کہ آنے والا دور مسلم لیگ(ن) کا ہے۔