|

وقتِ اشاعت :   November 21 – 2020

حب: وزیراعلیٰ بلوچستان کے کوآرڈینییٹر برائے ساحلی ترقی میر عبدالروف رند نے کہا ہے کہ 21 نومبر ماہی گیروں کا عالمی دن آج ہم سب اپنے ماہی گیروں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مناتے ہیں بلوچستان کے ماہی گیروں اور شعبہ ماہی گیری کی بہتری کیلئے حکومت بلوچستان اہم ترین اقدامات کررہی ہے ساحلی علاقوں کی ترقی کیلئے بلوچستان حکومت کی جانب سے ایک بلین روپے مختص کئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماہی گیروں کے عالمی دن کی مناسبت سے بلوچستان فشرمین کوآپریٹیو سوسائٹی کی جانب  سے حب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں چیئرمین بلوچستان فشرمین کوآپریٹیو سوسائٹی سردار کامران لاسی جاپانی قونصلیٹ توشی کازو وائس چیئرمین بلوچستان فشرمین کوآپریٹیو سوسائٹی محمد اشرف اقبال ودیگر نے بھی خطاب کر تے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے ماہی گیروں کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے بلوچستان میں کوئی پلیٹ فارم نہیں تھا۔

جس کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان عالیانی نے سردار کامران لاسی کو بلوچستان کوسٹل سے تعلق رکھنے والے ماہی گیروں کیلئیصوبے کی سطح پر ایک پلیٹ فارم کی تشکیل کیلئے کام کرنے کی ہدایت کی جس پر انہوں نے ڈیڈھ سال کے عرصے کی کاوشوں کے بعد بلوچستان فشرمین کوآپریٹیو سوسائٹی کے نام سے بلوچستان کے ماہی گیروں کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا۔

جس نے بلوچستان کے ماہی گیروں کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے صوبائی اور وفاقی سطح پر بہترین کردارادا کیا مقررین نے کہا کہ بلوچستان حکومت کی جانب سے بلوچستان کے ماہی گیروں کے ذریعہ معاش میں بہتری لانے کے گرین بوٹس کا پروگرام تشکیل دیا ہے۔اس کے علاوہ کوسٹل ایریا میں زرعی انقلاب لانے کیلئے مینگروز کی پلاٹیشن کا پروگرام تشکیل دیا گیا ہے جس کیلئے حکومت بلوچستان نے ایک بلین روپے کے فنڈز مختص کیے ہیں۔

مقررین  نے کہا کہ بلوچستان کوسٹل پر مختلف مقامات پر ٹورازم سینٹر قائم کیے جائیں گے حکومت بلوچستان کی جانب سے آٹھہ مقامات پر ٹورازم سینٹر قائم کرنے کاپروگرام ہے جن میں سے دو پر کام جاری ہے۔اس موقع پر سیکرٹر ی فشریز شاہد سلیم سمیت علاقہ معززین اور ماہی گیروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں ماہی گیری کے شعبے میں قربانیاں دینے والے ماہی گیروں کو اعزازی شیلڈ سمیت مہمانوں کو اجرکیں پہنائی گئیں۔