|

وقتِ اشاعت :   November 25 – 2020

کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری و سینیٹر منظور احمد کاکڑ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ملک کو ایک بار پھر بحرانوں کی طرف دھکیلنا چاہتی ہے،،بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لئے عملی اقدامات اٹھارہی ہے ہم حکومت میں شا مل تمام اتحادیوں کو ساتھ لے کر صوبے کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی اے پی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم جماعتیں کورونا وائرس پر سیاست کرکے اپنی کرپشن چھپانا چاہتی ہیں سندھ میں پیپلزپارٹی کورونا وباء کو کنٹرول کرنے کے لئے لاک ڈاؤن لگانے کی تیاریاں کررہی ہے قوم پرستوں اور مذہب پرستوں کی سیاست کا زوال شروع ہوچکا ہے۔

اب وہ وفاقی جماعتوں کے ساتھ مل کر سیاسی ساکھ بچانا چاہتی ہیں۔ بلوچستان میں یہی قوم پرست اور مذہب پرست جماعتوں نے کئی سال حکومتیں کی ہیں مگر تمام حالات کے باوجود صوبے اور عوام کی تقدیر نہیں بدلی۔

انہوں نے کہاکہ ملکی ادارے ملک کی ترقی و خوشحالی اور بقاء کے لئے اقدامات اٹھارہی ہیں مگر کچھ سیاسی و اپوزیشن جماعتوں اداروں کو تنقید کا نشانہ بنا کر عوام میں ہمدردیاں حاصل کرنا چاہتی ہیں مگر اب عوام ان سیاسی جماعتوں کی کارکردگی سے واقف ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم ملک میں انتشار پھیلا نے کے ایجنڈے کے تحت اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ پی ٹی آئی اوربی اے پی اپوزیشن تحریک کا مقابلہ کرے گی۔