|

وقتِ اشاعت :   November 28 – 2020

سبی: بی این پی بلوچستان بھر میں فعال و متحرک اور عوامی قوت بن چکی ہے حالیہ دنوں بلوچستان بھر میں ضلع کے انتخابات‘ ضلعی کونسل کے کامیاب کنونشن اس بات کی غمازی ہے کہ بلوچ اور بلوچستانی عوام بی این پی ہی کو اپنا نجات دہندہ سیاسی قوت سمجھتے ہیں ان خیالات کا اظہار بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چیئرمین قائمہ کمیٹی آغا حسن بلوچ ایڈووکیٹ‘ مرکزی فنانس سیکرٹری ایم پی اے وپارلیمانی لیڈر ملک نصیر احمد شاہوانی‘ میر خورشید جمالدینی‘ یعقوب بلوچ‘ سلطان دھپال‘ غلام رسول مگسی‘ در محمد بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پارٹی کے کوئٹہ کے سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی‘ ڈاکٹر علی احمد قمبرانی‘ میر حاصل کشانی‘ لیاقت کھیازئی و دیگر رہنماء و کارکن موجود تھے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی مضبوط سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہے مختلف اضلاع میں کامیاب کنونشن اور عوام کی پذیرائی‘ پارٹی کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے کی مثبت پالیسی اس بات کی غمازی ہے کہ بلوچ و بلوچستانی عوام بی این پی کو مسائل سے نجات دہندہ سیاسی قوت سمجھتے ہیں۔

سردار اختر جان مینگل کی قیادت وقت و حالات کی ضرورت ہے مقررین نے کہا کہ نصیر آباد ڈویڑن اور سبی میں عوام کی جوق در جوق پارٹی پروگرامز میں شمولیت‘ تنظیم کاری کے مراحل کو مکمل کرنے سے ثابت ہوتا ہے کہ بی این پی بڑی سیاسی قوت بن چکی ہے پارٹی کو جدید بنیادوں پر استوار کیا جا رہا ہے بی این پی واحد سیاسی قوت ہے جو عوام کے احساس و جذبات کے عین مطابق جمہوری انداز میں جدوجہد کررہی ہے اپوزیشن میں ہونے کے باوجود عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں عوام کے مسائل و مشکلات میں کمی کیلئے کوشاں ہیں مقررین نے کہا کہ مہنگائی‘ بے روزگاری‘غربت‘ افلاس کو ختم کرنا ہے۔

جس میں حکمران ناکام دکھائی دے رہے ہیں اکیسویں صدی میں بلوچستان جیسے باوسائل سرزمین کا مالک معاشی و معاشرتی مسائل کا سامنا نہ کرتے مگر آج دیگر صوبوں کی نسبت بلوچستان میں سب سے زیادہ ہے جو المیہ سے کم نہیں ہم نے ہمیشہ ناانصافیوں‘ ناروا پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کی ہے اب بھی سیاسی جدوجہد کے ذریعے محرومیوں کے خاتمے کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔

کنونشن کے آخر میں انتخابات کرائے گئے کمیٹی کے چیئرمین میر خورشید جمالدینی جبکہ ممبران میں ملک محی الدین لہڑی‘ امیر علی گشکوری تھے انتخابی نتائج کے مطابق واجہ یعقوب بلوچ صدر‘ سینئر نائب صدر غلام رسول مگسی‘ نائب صدر گل رحمان‘ جنرل سیکرٹری سلطان دھپال‘ ڈپٹی سیکرٹری در محمد بلوچ‘ جوائنٹ سیکرٹری ضیاء اللہ بلوچ‘ انفارمیشن سیکرٹری اللہ بخش‘ فنانس سیکرٹری افتخار احمد‘ لیبر سیکرٹری تاج محمد‘ خواتین سیکرٹری بانو ارباب‘ کسان و ماہی گیر سیکرٹری واحد کھوسہ‘ ہیومن رائٹس سیکرٹری وحید احمد‘ پروفیشنل سیکرٹری امام بخش منتخب ہوئے ان سے امید ظاہر کی گئی کہ وہ پارٹی کو سبی میں مزید فعال و متحرک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔