|

وقتِ اشاعت :   January 16 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری و سینیٹر منظور احمد کاکڑ نے کہا ہے کہ حلقہ بی پی 20 پشین IIIکے ضمنی انتخابات میں بلوچستان عوامی پارٹی کامیابی حاصل کرے گی۔

پارٹی کی مرکزی قیادت کی ہدایت پر رحیم آغا کی عصمت اللہ ترین کے حق میں دستبردار ہونا نیک شگون ہے ، حکومت پی ڈی ایم کی تحریک ناکام سمجھتی ہے ، ضمنی انتخابات کے بعد سینٹ کے انتخابات کے لئے بھی کامیاب اور موثر پالیسی بنائے جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو حلقہ بھی پی IIIپشین سے بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار عصمت اللہ ترین ، سید رحیم آغا و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

سینیٹر منظور احمد کاکڑ نے کہاکہ پشین کے حلقہ پی بی 20تھری کے ضمنی انتخابات کے لئے بلوچستان عوامی پارٹی نے عصمت اللہ ترین کو ٹکٹ دیا ہے جبکہ 2018کے عام انتخابات کے دوران مذکورہ حلقہ پر سید رحیم آغا نے حصہ لیا تھا اب بھی رحیم آغا نے کاغذات جمع کئے تھے تاہم گزشتہ روز پارٹی کی مرکزی قیادت کی ہدایت پر رحیم آغا عصمت اللہ ترین کے حق میں دستبردار ہوگئے ہیں۔

جو کہ نیک شگون ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ مذکورہ حلقے پر ضمنی انتخابات میں جیت بلوچستان عوامی پارٹی کی ہوگی ، عصمت اللہ ترین پی ڈی ایم میں شامل ایک جماعت سے مستعفی ہو کر بلوچستان عوامی پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں اور آگے بھی لوگ بی اے پی میں شمولیت اختیار کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ضمنی انتخابات کے بعد سینیٹ کے انتخابات کے لئے بھی کامیاب اورموثر پالیسی اپنائے جائے گی۔

اور انشاء اللہ سینٹ انتخابات میں بھی بلوچستان عوامی پارٹی بھر پور کامیابی حاصل کرے گی ۔ اس موقع پر سید رحیم آغا نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے پشین کے حلقے پی بی 20تھری پر ضمنی انتخابات میں حصہ لے رہا تھا تاہم گزشتہ روز پارٹی کے مرکزی صدر اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان عالیانی۔

مرکزی سیکرٹری جنرل منظور احمد کاکڑ و دیگر نے عصمت اللہ ترین کو پارٹی کا امیدوار منتخب کیا جس پر میں نے پارٹی کے فیصلے پر عمل درآمد کرکے اس کے حق میں دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور پارٹی کے نامزد امیدوار عصمت اللہ ترین کی کامیابی کے لئے بھر پور کردار ادا کریں گے ۔