|

وقتِ اشاعت :   January 26 – 2021

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم عوامی حقوق کے لئے جدوجہد کر رہی ہے تحریک کی کامیابی سے خائف عناصر اسکے خلاف منفی پروپگیڈا پھیلا رہے ہیں۔

لیکن وہ اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہونگے ، عوام نے پی ڈی ایم کا ساتھ دیکر یہ بات یقینی بنائی ہے کہ وہ نا اہل حکومت سے تنگ ہیں اور اسے مزید نہیں چلنے دیں گے ،یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میںکہی انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے ملک گیر جلسوں اور عوامی احتجاجی مظاہروں میں عوام کی بھر پور شرکت نے حکومت کے اوسان خطا کر دئیے ہیں۔

اب حکومت کو معلو م ہوچکا ہے کہ عوام اس سے تنگ ہے اور مزید چلنے کی اجازت نہیں دیگی جس کے بعد مخالفین نے مختلف حیلے بہانے بنا کر تحریک کے خلاف پروپگینڈا شروع کردیا ہے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم تحریک میں اختلافات کی باتیں پھیلانے والوں کو کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا عوام نے پی ڈی ایم تحریک کا ہر مرحلے میں بھر پور ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈ ی ایم بتدریج کامیابی کی جانب گامزن ہے اور اس حکومت کو گھر بھیج کر ہی اختتام پذیر ہوگی اور وہ دن دور نہیں جب حکومت کا خاتمہ ہوگا اور عوام کو عوام دشمن حکومت سے نجات ملنے کے ساتھ ساتھ تمام پروپگینڈے دم توڑ دیں گے ۔